یو سی سی: اتراکھنڈ اسمبلی میں یونیفارم سول کوڈ بل پیش، اب گورنر سے منظوری کا انتظار، 400 سے زائد دفعات موجود

گورنر سے منظوری ملنے کے بعد یو سی سی بل قانون کی شکل اختیار کر لے گا، اس کے بعد اتراکھنڈ یو سی سی نافذ کرنے والی ملک کی پہلی ریاست بن جائے گا۔

<div class="paragraphs"><p>یونیفارم سول کوڈ (یو سی سی)، علامتی تصویر آئی اے این ایس</p></div>

یونیفارم سول کوڈ (یو سی سی)، علامتی تصویر آئی اے این ایس

user

قومی آوازبیورو

اتراکھنڈ میں یکساں سول کوڈ یعنی یونیفارم سول کوڈ (یو سی سی) نفاذ کا راستہ ہموار ہو چکا ہے۔ 4 فروری کو اتراکھنڈ کابینہ نے یو سی سی بل کو منظوری دی تھی، اور آج اتراکھنڈ کے وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے ریاستی اسمبلی میں یو سی سی اتراکھنڈ 2024 بل پیش کر دیا۔ اب اس بل پر اسمبلی میں بحث ہوگی اور پھر ووٹنگ کا عمل انجام پائے گا۔ اسمبلی میں بی جے پی کی مضبوط موجودگی کو دیکھتے ہوئے اس بل کو منظوری ملنا یقینی ہے، اور پھر گورنر کی منظوری کا انتظار رہ جائے گا۔ گورنر کی منظوری کے بعد یہ بل قانون کی شکل اختیار کر لے گا۔

آج جب اتراکھنڈ اسمبلی میں وزیر اعلیٰ دھامی نے یو سی سی بل پیش کیا تو بی جے پی اراکین اسمبلی نے ’جئے شری رام‘ اور ’وندے ماترم‘ کا نعرہ بلند کیا۔ حالانکہ اپوزیشن لیڈران اس بل کے خلاف آواز اٹھا رہے ہیں۔ گورنر سے منظوری ملنے کے بعد ریاست میں یہ قانون نافذ ہو جائے گا، اور پھر اتراکھنڈ اس قانون کو نافذ کرنے والی ملک کی پہلی ریاست بن جائے گا۔


ذرائع کے مطابق یو سی سی بل کے مسودہ میں 400 سے زیادہ دفعات ہیں۔ اس کا مقصد روایتی رسوم و رواج سے پیدا ہونے والی خرابیوں کو دور کرنا ہے۔ چونکہ ہندو، عیسائی اور پارسی کے لیے دوسری شادی جرم ہے اس لیے کچھ لوگ دوسری شادی کے لیے مذہب تبدیل کر لیتے ہیں۔ ایسے میں یو سی سی نافذ ہونے کے بعد ایک سے زیادہ شادی پر پوری طرح سے روک لگے گی۔ علاوہ ازیں کچھ مذاہب میں شادی کو لے کر کوئی عمر طے نہیں ہے۔ یو سی سی نافذ ہونے کے بعد سبھی مذاہب میں شادی کے لیے لڑکیوں کی کم از کم عمر 18 سال اور لڑکوں کے لیے کم از کم عمر 21 سال طے ہو جائے گی۔

یو سی سی بل کے مسودہ میں ’لیو-اِن رلیشن شپ‘ کے بارے میں بھی تذکرہ ہے۔ اب اس طرح کا رشتہ رکھنے والوں کے لیے رجسٹریشن کرانا لازمی ہوگا۔ یکساں سول کوڈ نافذ ہونے کے بعد اتراکھنڈ میں ’لیو-اِن-رلیشن شپ‘ کے لیے ویب پورٹل پر رجسٹریشن کرایا جا سکے گا۔ رجسٹریشن نہ کرانے پر جوڑے کو چھ مہینے کی جیل یا پھر 25 ہزار کی سزا، یا دونوں ہو سکتے ہیں۔ رجسٹریشن کے طور پر جو رسید جوڑے کو ملے گی، اسی کی بنیاد پر انھین کرایہ پر گھر، ہاسٹل یا پی جی مل سکے گا۔ یو سی سی میں ’لیو-اِن-رلیشن شپ‘ کی واضح تشریح بھی پیش کی گئی ہے۔ اس کے مطابق صرف ایک بالغ مرد اور بالغ خاتون ہی اس طرح کے رشتے میں رہ سکیں گے۔ وہ پہلے سے شادی شدہ یا کسی دیگر کے ساتھ لیو-اِن رلیشن شپ میں نہیں ہونا چاہیے۔ رجسٹریشن کرانے والے جوڑے کی جانکاری رجسٹرار کو ان کے والدین یا سرپرست کو دینی ہوگی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔