سی اے اے کے خلاف آواز اٹھانے والی منور رانا کی بیٹی عروشہ رانا خاتون کانگریس کی نائب صدر مقرر

عروشہ رانا دس سال پہلے کانگریس میں شامل ہوئی تھیں اور ٹی وی ڈبیٹ میں پارٹی کا موقف مضبوطی سے رکھتی رہی ہیں۔ انہیں دس سال بعد کوئی عہدہ دیا گیا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

لکھنؤ: مشہور شاعر منور رانا کی بیٹی عروشہ رانا کو اتر پردیش کانگریس کی خاتون ونگ کی نائب صدر مقرر کیا گیا ہے۔ ریاستی خاتون کانگریس کی صدر ممتا چودھری نے عروشہ کو نائب صدر نامزد کیا۔ اس سے پہلے منور رانا کی دوسری بیٹی فوزیا رانا بھی کانگریس میں شامل ہو چکی ہیں۔ عروشہ رانا دس سال پہلے کانگریس میں شامل ہوئی تھیں اور ٹی وی ڈبیٹ میں پارٹی کا موقف مضبوطی سے رکھتی رہی ہیں۔ انہیں دس سال بعد کوئی عہدہ دیا گیا ہے۔

خاتون ونگ کی صدر ممتا چودھری نے عروشہ رانا کو کانگریس کے ریاستی دفتر میں اپنی خاتون کارکنان کی موجودگی میں عہدے پر فائز کیا۔ اس موقع پر ممتا چودھری نے کہا کہ یوپی میں کانگریس پوری طرح سے میدان میں اتر چکی ہے اور بی جے پی کو کڑی ٹکر دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’لاک ڈاؤن کے دوران عروشہ نے کافی محنت کی۔ انہوں نے مزدوروں بالخصوص خواتین کی بھرپور مدد کی۔ عروشہ کی انہی خدمات کو مدنظر رکھتے ہوئے انہیں یوپی خاتون کانگریس کی نائب صدر مقرر کیا گیا ہے۔‘‘


وہیں، نائب صدر نامزد کیے جانے کے بعد عروشہ نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس کو انہوں نے ہمیشہ اپنے کنبہ کی طرح سمجھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اتر پردیش میں جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی کی قیادت میں کانگریس لگاتار عوامی مسائل کو اٹھا رہی ہے اور کوئی دوسری پارٹی دور دور تک بھی نظر نہیں آ رہی ہے۔‘‘

عروشہ نے کہا کہ خواتین کے احترام کے لئے پہلے اپنے گھر سے شروعات کرنا ہوگی اس کے بعد سماج میں جدوجہد کرنی ہوگی اور وہ خواتین کے لئے ہمیشہ آواز اٹھاتی رہیں گی۔ عروشہ لکھنؤ کے گھنٹہ گھر پر گزشتہ سال دسمبر میں شروع ہوئے سی اے اے مخالف مظاہرے کی قیادت کرتے ہوئے نظر آتی تھیں اور انہوں نے اپنی تقاریر سے کافی لوگوں کو متاثر کیا تھا۔

(یو این آئی ان پٹ کے ساتھ)

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔