ممبئی: چوک کا نام سابق اسرائیلی پی ایم شمعون پریز کے نام سے منسوب! کانگریس کی سخت مخالفت

کانگریس لیڈر عارف نسیم خان کی قیادت میں ایک وفد نے ممبئی عظمٰی میونسپل کمشنر اقبال سنگھ چہل سے ملاقات کر کے کالا گھوڑا چوک کو شمعون پریز کے نام سے منسوب کرنے کی سخت مخالفت کی ہے

تصویر ایم اے لطیف
تصویر ایم اے لطیف
user

محی الدین التمش

ممبئی: ممبئی کے کالا گھوڑا علاقے میں اسرائیل کے سابق وزیر اعظم شمعون پیریز کے نام سے چوک منسوب کرنے کے متعلق ممبئی کے مسلمانوں میں غم وغصہ پایا جا رہا ہے۔ ممبئی عظمیٰ میونسپل کارپوریشن نے گزشتہ دنوں ایک تجویز کے ذریعے ممبئی کے کالا گھوڑا علاقے میں موجود یہودی عبادت گاہ Knesset Eliyahoo کے قریب واقع چوک کو سابق اسرائیلی وزیراعظم شمعون پیریز کے نام سے منسوب کرنے کی تجویز کو ہری جھنڈی دیکھائی تھی۔ یہ چوک کالا گھوڑا علاقے کے وی بی گاندھی مارگ اور سائی بابا مارگ کے درمیان واقع ہے اس پورے معاملے کے روشنی میں آنے کے بعد ممبئی عظمیٰ میونسپل کارپوریشن میں حزب اختلاف کے لیڈران نے اس معاملے کے خلاف ناراضگی کا اظہارکیا۔ اور شمعون پیریز کے نام کو واپس لینے کا پرزور مطالبہ کیا۔

ممبئی: چوک کا نام سابق اسرائیلی پی ایم شمعون پریز کے نام سے منسوب! کانگریس کی سخت مخالفت

کانگریس نے جتائی سخت ناراضگی :

آج کانگریس لیڈر اور حکومتِ مہاراشٹر میں سابق اقلیتی امور کے وزیر محمد عارف نسیم خان کی قیادت میں ایک وفد نے ممبئی عظمیٰ میونسپل کارپوریشن کے کمشنر اقبال سنگھ چہل سے ملاقات کرتے ہوئے چوک کو شمعون پیریز کے نام سے منسوب کرنے کی سخت مخالفت کی۔ اس سے قبل ممبئی عظمیٰ میونسپل کارپوریشن میں کانگریس اور حزبِ اختلاف کے لیڈر روی راجا نے بھی سخت ناراضگی کا اظہار کیا تھا۔ رضا اکیڈمی کے جنرل سیکریٹری سعید نوری کے ہمراہ عارف نسیم خان نے ممبئی میونسپل کمشنر اقبال سنگھ چہل سے ملاقات کرتے ہوئے کالا گھوڑا علاقے میں واقع چوک سے شمعون پیریز کے نام کو ہٹانے کا پرزور مطالبہ کیا۔ محمد عارف نسیم خان نے کہا کہ کسی بھی چوک گلی محلہ کا نام رکھنے کے لئے کارپوریشن نے کچھ اوصول وضابطے بنائے ہیں مگر یہاں دیکھنے میں یہ آرہا ہے کہ کارپوریشن ہی اپنے بنائے ہوئے اوصول وضابطے کے خلاف کام کر رہی ہے جبکہ اپوزیشن لیڈر اور متعدد کارپوریشن کے کارپوریٹر احتجاج کرتے رہے مگر ان کی ایک نہ سنی گئی۔


رضا اکیڈمی نے بھی صدائے احتجاج بلند کیا

شمعون پیریز کے نام کی تختی آویزاں ہونے کے بعد رضا اکیڈمی نے اقبال سنگھ چہل کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے شمعون پیریز کے نام پر چوک کا نام رکھنے کی سخت مخالفت کی۔ رضا اکیڈمی کے جنرل سیکریٹری سعید نوری نے کہا کہ اسرائیل ظالم اور غاصب ملک ہے، ایسے ملک کے سربراہ کے نام پر ممبئی میں چوک کا نام رکھنا ظالموں کا ساتھ دینے کے مترادف ہے، سعید نوری نے کہا اگر کارپوریشن اپنی ہٹ دھرمی پر قائم رہی اور چوک کا نام منسوخ نہ کیا گیا تو ہمارے لئے اور بھی جمہوری طریقے موجود ہیں، ہم سخت احتجاج کریں گے اس طرح نفرت پھیلا کر مسلمانوں کی دل آزاری کرنا ہندوستان کا کوئی بھی امن پسند شہری گوارہ نہیں کرسکتا۔

’شمعون پیریز کا نام ہٹاکر کسی ہندوستانی عظیم رہنما کا نام رکھا جائے‘

کانگریس لیڈر عارف نسیم خان اور رضا اکیڈمی کے سعید نوری کے مشترکہ وفد نے میونسپل کمشنر کو ایک احتجاجی میمورینڈم سونپتے ہوئے اس چوک کا نام منسوخ کر کے بھارت کے کسی جیالے کے نام سے چوک کا نام منسوب کرنے کا مطالبہ کیا تاکہ آنے والی نسلیں دیش پر قربان ہونے والے دیش کے سپوتوں کو یاد رکھ سکیں۔


ممبئی میونسپل کمشنر کی یقین دہانی

ممبئی عظمیٰ میونسپل کمشنر اقبال سنگھ چہل نے وفد سے ملاقات کرتے ہوئے اور سب کے جذبات کا احترام کرنے اور پورے معاملے پر از سرِ نو غور و خوض کرنے کا یقین دلایا۔

کون ہیں شمعون پیریز؟

شمعون پیریز دومرتبہ اسرائیل کے وزیراعظم اور ایک مرتبہ صدر کی حیثیت سے اپنی خدمات انجام دے چکے ہیں۔ شمعون کا انتقال 2016 میں 93 ویں سال کی عمر میں ہوا۔ شمعون کو 1994 میں فلسطینی لیڈر یاسر عرفات کے ہمراہ امن کے نوبل انعام سے نوازہ گیا۔


غیر ملکی شخصیت کے نام سے کسی علاقے کا نام موسوم کرنا غیر قانونی: میونسپل کارپوریشن میں کانگریس کے کارپوریٹر جاوید جنیجا نے واضح کیا کہ کسی غیر ملکی شخصیت کے نام سے چوک چوراہے یا ادارے کا نام موسوم کرنا میونسپل کارپوریشن کے اصول و ضوابط کے خلاف ہے۔ ایسے میں اسرائیل کے سابق وزیراعظم کے نام سے جنونی ممبئی میں چوراہے کا نام موسوم کرنا تعجب خیز عمل ہے۔

میونسپل افسران کے مطابق شمعون پیریز کے نام سے چوک منسوب کی اولین تجویز بی جے پی نے 2018 میں کارپوریشن میں لائی تھی۔ میونسپل کمشنر پروین پردیشی نے اپنے خصوصی اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے چوراہے کا نام شمعون پیریز کے نام پر رکھنے کے معاملے کو آگے بڑھایا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 25 Feb 2021, 10:48 AM