مہاراشٹر میں کورونا کے نئے مریضوں کی تعداد نو ہزار کے قریب، دہلی میں بھی بڑھا خطرہ

ملک کی کئی ریاستوں میں گزشتہ کچھ دنوں کے دوران کورونا کے اعداد و شمار ایک بار پھر بڑھنے لگے ہیں اور مہاراشٹر میں میں کورونا انفیکشن کی رفتار دھماکہ خیز ہوتی جا رہی ہے

کورونا وائرس / تصویر آئے اے این ایس
کورونا وائرس / تصویر آئے اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: ملک کی کئی ریاستوں میں گزشتہ کچھ دنوں کے دوران کورونا کے اعداد و شمار ایک بار پھر بڑھنے لگے ہیں اور مہاراشٹر میں میں کورونا انفیکشن کی رفتار دھماکہ خیز ہوتی جا رہی ہے۔ وہیں، قومی راجدھانی دہلی میں بھی کورونا کے مریضوں اور فعال معاملات میں اضافہ درج کیا جا رہا ہے۔

مہاراشٹر میں 24 گھنٹوں کے دوران 8807 نئے مریض پائے گئے ہیں، کورونا کے نیے مریضوں کی یہ تعداد 18 اکتوبر کے بعد سب سے زیادہ ہے۔ علاوہ ازیں، ریاست میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 80 مریضوں کی موت ہو گئی۔ یہ گذشتہ 56 دنوں میں سب سے زیادہ ہے۔ اس سے قبل 30 دسمبر کو 90 متاثرہ افراد فوت ہویے تھے۔


مہاراشٹر میں سب سے خراب صورتحال ودربھا علاقہ اور ممبئی کی ہے۔ ممبئی نے 119 دن کے بعد 1000 معاملات کے اعداد کو عبور کیا ہے، یہاں گذشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے 1167 نئے معاملات درج کیے گیے ہیں۔ دھاراوی میں بھی ایک مہینے کے بعد نئے کیسز کی تعداد دہائی کے ہندسہ تک پہنچ گئی ہے۔ ممبئی میں کیسز میں اضافہ کے ساتھ سختی بڑھتی جا رہی ہے۔ ریلوے اسٹیشنوں پر دوسری ریاستوں سے آنے والے مسافروں کی جانچ کی جا رہی ہے، نیز ممبئی ایئرپورٹ پر بھی سخت جانچ کی جا رہی ہے۔

وہیں راجدھانی دہلی میں بھی بحران گہرا ہوتا جا رہا ہے۔ دہلی میں بدھ کے روز 200 سے زیادہ افراد میں کورونا وائرس کا انفیکشن پایا گیا، جبکہ مزید دو متاثرہ افراد کی موت ہو گئی۔ کورونا کی بڑھتی ہوئی شرح کے پیش نظر دہلی میں 5 ریاستوں سے آنے والے مسافروں کے لئے کورونا ٹیسٹ لازمی قرار دینے کی تیاری چل رہی ہے۔ دہلی میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران نئے کیسوں کے مقابلے صحتمند مریضوں کی تعداد میں کمی کی وجہ سے فعال معاملات 1130 کو عبور کر چکے ہیں۔ دہلی میں بدھ کے روز فعال معاملات کی تعداد میں مزید 83 بڑھ کر 1137 ہو گئی۔ دارالحکومت میں صحت مند افراد کی تعداد میں کمی کی وجہ سے فعال معاملات میں یہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔


دہلی کے محکمہ صحت کے ذریعہ جاری تازہ بلیٹن کے مطابق، اس عرصے کے دوران 200 نئے معاملات کی آمد کے بعد متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 638373 ہوگئی ہے، جبکہ 115 مریضوں کی شفا یابی کے بعد کورونا سے پاک لوگوں کی تعداد 626216 ہو گئی ہے- دارالحکومت میں آج مریضوں کی شفایابی کی شرح جزوی کمی کے ساتھ گھٹ کر 98.11 فیصد ہو گئی۔

اس دوران، دو مزید مریضوں کی اموات کی تعداد 10905 تک پہنچ گئی ہے۔ دارالحکومت میں اموات کی شرح محض 1.71 فیصد ہے۔ مرنے والوں کے معاملے میں دہلی ملک میں چوتھے نمبر پر ہے۔ دارالحکومت میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 56168 نمونوں کی جانچ کی گئی۔ اس کے ساتھ ، اب تک کی جانے والی جانچ کی تعداد 1.21 کروڑ کو عبور کر چکی ہے۔ ہر 10 لاکھ آبادی کے لئے ٹیسٹوں کی اوسط 638351 ہے۔ ادھر دہلی میں ممنوعہ علاقوں کی تعداد ایک بار پھر بڑھ کر 644 ہو گئی ہے جو تشویش کی بات ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */