ممبئی لوکل ٹرین بم دھماکہ: بامبے ہائی کورٹ مقدمہ جلد شروع کرنے کے حق میں

دو رکنی بنچ نے دفاعی وکلاء اور وکیل استغاثہ کو کہا کہ عدالت اس مقدمہ کو دیگر مقدمات پر فوقیت دے کر اس کی سماعت شروع کرنا چاہتی ہے، لہذا آپ دونوں فریق باہمی صلاح و مشورہ کرکے عدالت کو مطلع کریں۔

بامبے ہائی کورٹ، تصویر آئی اے این ایس
بامبے ہائی کورٹ، تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

ممبئی: آج بامبے ہائیکورٹ کی دو رکنی بنچ کے جسٹس ایس ایس شندے اور جسٹس منیش پٹالے کی عدالت میں 7/11 ممبئی لوکل ٹرین بم دھماکہ معاملے کی سماعت ہوئی، جس کے دوران عدالت نے فریقین کے وکلاء کو کہا کہ وہ 18 مارچ سے قبل فیصلہ کریں کہ مقدمہ چلانے کا طریقہ کار کیا ہوگا؟ وکلاء کس طرح سے عدالت سے تعاون کرسکتے ہیں کیونکہ عدالت اس مقد مہ کی جلد از جلد سماعت شروع کرکے اس پر فیصلہ صادر کرنا چاہتی ہے، لہذآ پ لوگوں کی کیا تیاری ہے اس سے عدالت کو اگلی سماعت پر آگاہ کریں۔

خصوصی مکوکا عدالت سے پھانسی کی سزا پانے والے پانچ ملزمین کی تصدیق کے لئے ریاستی حکومت کی جانب سے داخل کردہ اپیل پر آج بامبے ہائی کورٹ میں سماعت عمل میں آئی۔ دو رکنی بنچ نے عدالت میں موجود دفاعی وکلاء اور وکیل استغاثہ کو کہا کہ عدالت اس مقدمہ کو دیگر مقدمات پر فوقیت دے کر اس کی سماعت شروع کرنا چاہتی ہے لہذا آپ دونوں فریق باہمی صلاح و مشورہ کرکے عدالت کو اگلی سماعت پر اس تعلق سے مطلع کریں۔


دو رکنی بنچ کے جسٹس ایس ایس شندے اور جسٹس منیش پٹالے کو ملزمین کو قانونی امداد فراہم کرنے والی تنظیم جمعیۃ علماء مہاراشٹر کے وکلاء ایڈوکیٹ انصار تنبولی، ایڈوکیٹ ادیتیہ مہتا، ایڈوکیٹ گورو بھوانی نے بتایا کہ اس مقدمہ کی سماعت شروع کرنے سے قبل عدالت کو اس بات کو یقینی بنانا چاہیے کہ ملزمین کو عدالت میں پیش کیا جائے گا، کیونکہ دوران بحث ملزمین سے وکلاء کو بار بار صلاح و مشورہ کرنے کی ضرورت محسوس ہوگی جو ان کی غیر موجودگی یا ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ ممکن نہیں ہے، جس پر جسٹس شندے نے کہا کہ ملزمین کو بذریعہ ویڈیو کانفرنسنگ عدالت میں پیش کیا جائے گا کیونکہ کورونا کی وجہ سے ملزمین کو ویسے بھی جیلوں سے باہر نہیں نکالا جا رہا ہے لہذا دوران سماعت ملزمین کو بذریعہ ویڈو کانفرنسنگ عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

دفاعی وکلاء نے عدالت کو بتایا کہ وہ جلد ہی ملزمین کو نچلی عدالت سے ملی پھانسی اور عمر قید کی سزا کے خلاف اپیل داخل کریں گے جس پر جسٹس شندے نے کہا کہ وہ تمام اپیلوں کو یکجا کرکے سماعت کریں گے۔ واضح رہے کہ خصوصی مکوکا عدالت کے جج وائی ڈی شندے نے ممبئی لوکل ٹرین بم دھماکہ کا فیصلہ سناتے ہوئے، پانچ ملزمین احتشام قطب الدین صدیقی، کمال انصاری، فیصل عطاء الرحمن شیخ، آصف بشیر اور نوید حسین کو پھانسی اور 7/ ملزمین محمد علی شیخ، سہیل شیخ، ضمیر لطیف الرحمن، ڈاکٹر تنویر، مزمل عطاء الرحمن شیخ،ماجد شفیع، ساجد مرغوب انصاری کو عمر قید کی سزا سنائی تھی جبکہ ایک ملزم عبدالواحید دین محمد کو باعزت بری کردیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 18 Feb 2021, 4:40 PM