’محترم ریل وزیر، ایک اور چھوٹا حادثہ ہو گیا ہے‘، رائے بریلی ٹرین حادثہ پر کانگریس کا طنزیہ حملہ

پیر کی شب رائے بریلی میں مال گاڑی اور ریل انجن کی آمنے سامنے ٹکر ہو گئی، اس حادثہ میں لوکو پائلٹ سمیت دو افراد کے زخمی ہونے کی خبریں سامنے آ رہی ہیں، واقعہ کی تحقیقات کے لیے کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔

<div class="paragraphs"><p>گرافکس @INCIndia</p></div>

گرافکس @INCIndia

user

قومی آوازبیورو

ملک میں ہر کچھ دنوں پر ریل حادثات پیش آ رہے ہیں جو کہ فکر انگیز ہے۔ 26 اگست کی شب اتر پردیش کے رائے بریلی میں ایک افسوسناک ریل حادثہ ہوا جس میں لوکو پائلٹ سمیت کم از کم دو افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔ اس حادثہ کے تعلق سے آج کانگریس نے مرکزی وزیر ریل اشونی ویشنو پر طنزیہ انداز میں حملہ کیا ہے۔ کانگریس نے اپنے آفیشیل ’ایکس‘ ہینڈل پر دو پوسٹ کیے ہیں اور دونوں ہی طنزیہ ہیں۔ ایک پوسٹ میں کانگریس نے گرافکس پیش کیا ہے جس میں ریل کا ایک حصہ پٹری سے اترا دکھایا گیا ہے جس نے انگریزی حروف ’آر‘ کی شکل اختیار کر لی ہے۔ اس ’آر‘ سے ’ریل‘ (Reel) لفظ تیار کیا گیا ہے اور مکمل جملہ لکھا گیا ہے ’لیٹس میک اے ریل‘، یعنی ’چلو ایک ریل (ویڈیو) بناتے ہیں۔‘‘

ایک دیگر پوسٹ میں کانگریس نے ریل حادثے کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے ’’محترم ریل (Reel) وزیر، ایک اور چھوٹا حادثہ ہو گیا ہے۔ اس بار یوپی کے رائے بریلی میں یہ چھوٹا حادثہ ہوا ہے۔ لوکو پائلٹ اور کچھ لوگ زخمی بتائے جا رہے ہیں۔‘‘ کانگریس نے اس پوسٹ میں ’چھوٹا حادثہ‘ لکھ کر وزیر ریل اشونی ویشنو کے اس بیان پر حملہ کیا گیا ہے جو انھوں نے لوک سبھا میں بجٹ اجلاس کے دوران دیا تھا۔ انھوں نے کہا تھا کہ اپوزیشن چھوٹے چھوٹے حادثات کو بڑھا چڑھا کر پیش کرتی ہے جس سے لوگ گمراہ ہوتے ہیں۔


بہرحال، جہاں تک تازہ ریل حادثہ کا سوال ہے، یہ حادثہ پیر (26 اگست) کی شب رائے بریلی میں مال گاڑی اور ریل انجن کی آمنے سامنے کی ٹکر سے پیش آیا۔ اس حادثہ میں لوکو پائلٹ سمیت دو افراد کے زخمی ہونے کی خبریں سامنے آ رہی ہیں۔ واقعہ کی تحقیقات کے لیے کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ مال گاڑی اور ریل انجن کے درمیان جب ٹکر ہوئی تو ریل انجن پٹری سے نیچے اتر گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق رائے بریلی میں اونچاہار واقع این ٹی پی سی بجلی پروجیکٹ کے پیش نظر جھارکھنڈ کی کوئلہ کان سے مال گاڑی کوئلہ فراہمی کے لیے کوئلہ لے کر پہنچی تھی۔ دیر رات تک اس مال گاڑی سے کوئلہ انلوڈ کیا جاتا رہا۔ تقریباً 10 بجے مال گاڑی کوئلہ اتارنے کے بعد واپس ہو رہی تھی۔ اس مال گاڑی کا انجن پیچھے لگا تھا جسے 4 کلومیٹر آگے ارکھا ریلوے اسٹیشن پر سیدھا ہونا تھا۔ جیسے ہی مال گاڑی این ٹی پی سی سے روانہ ہوئی، تبھی سامنے ریل انجن آ گیا۔ چونکہ مال گاڑی کا انجن پیچھے تھا اس لیے لوکو پائلٹ اسے دیکھ نہیں سکا۔ غلط سگنل اور ٹریک جوائننگ کی وجہ سے مال گاڑی سیدھے ریل انجن سے ٹکرا گئی۔ ٹکر اس قدر شدید تھی کہ ریل انجن پٹری سے اتر گیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔