راجستھان: جودھپور واقع اسپتال احاطہ میں نابالغ لڑکی کے ساتھ اجتماعی عصمت دری، لوگوں میں غم و غصہ کی لہر

متاثرہ لڑکی کے گھر والوں کا کہنا ہے کہ گھر میں ڈانٹنے سے بچی ناراض ہو کر باہر چلی گئی تھی، دیر تک جب وہ واپس نہیں آئی تو پولیس میں شکایت کی گئی، اس دوران بچی اسپتال پہنچ گئی جہاں وہ ظلم کی شکار ہوئی۔

عصمت دری، علامتی تصویر آئی اے این ایس
عصمت دری، علامتی تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

راجستھان کے جودھپور میں ایک بار پھر نابالغ لڑکی کے ساتھ اجتماعی عصمت دری کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ گھر سے ناراض ہو کر نکلی 14 سال کی ایک لڑکی سے شہر کے مہاتما گاندھی اسپتال احاطہ میں زناکاری ہوئی ہے جس کے بعد لوگوں میں زبردست غم و غصہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ تین لوگوں نے مل کر اس شرمناک واقعہ کو انجام دیا اور پھر سبھی فرار ہو گئے۔ اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ملزمین میں سے ایک مہاتما گاندھی اسپتال کا سابق ملازم ہے۔

یہ واقعہ 25 اگست (اتوار) کی شب کا بتایا جا رہا ہے۔ متاثرہ بچی کے گھر والوں کا کہنا ہے کہ ڈانٹنے کی وجہ سے بچی ناراض ہو گئی اور گھر سے باہر چلی گئی۔ کافی دیر تک جب وہ واپس نہیں آئی تو پولیس میں شکایت کی گئی۔ الزام ہے کہ اتوار کی شب بچی مہاتما گاندھی اسپتال احاطہ میں پہنچی۔ اسی درمیان اسپتال میں صفائی کا کام کرنے والے دو ملازمین بچی کو اسپتال احاطہ میں موجود ایک سنسان کوٹھری میں لے گئے۔ وہاں اس کے ساتھ تین بدمعاشوں نے اجتماعی عصمت دری کی۔


جب اس حادثہ کی جانکاری پولیس کو ملی تو فوراً کارروائی شروع کی گئی۔ متاثرہ کو فوری طور پر اسپتال میں داخل کرایا گیا اور میڈیکل جانچ کا عمل انجام دیا گیا۔ جائے حادثہ پر ایف ایس ایل کی ٹیم کو بھی بلایا گیا۔ سبھی ثبوت جمع کیے گئے اور متاثرہ کا بیان بھی لے لیا گیا ہے۔ ملزمین کی گرفتاری کے لیے پولیس ٹیم بھی تشکیل دے دی گئی ہے۔ پولیس کا دعویٰ ہے کہ جلد ملزمین کی گرفتاری عمل میں آئے گی۔

جودھپور پولیس کمشنریٹ ویسٹ اے سی پی انل کمار نے جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ نابالغ متاثرہ کی سورساگر پولیس تھانہ علاقہ میں گمشدگی درج تھی۔ بچی اپنے والدین سے ناراض ہو کر گھر چھوڑ کر نکل گئی تھی۔ مہاتما گاندھی اسپتال سپرنٹنڈنٹ فتح سنگھ بھاٹی کا بھی بیان سامنے آیا ہے جس میں انھوں نے کہا کہ اسپتال احاطہ میں لڑکی کے ساتھ اجتماعی عصمت دری کی جانکاری ملی جو انتہائی شرمناک ہے۔ انھوں نے بتایا کہ اسپتال مین سیکورٹی گارڈ موجود ہیں، لیکن موجودہ حالات کو دیکھتے ہوئے مزید سیکورٹی گارڈ بڑھائے جائیں گے۔


قابل ذکر ہے کہ جودھپور میں گزشتہ ایک ماہ کے اندر نابالغ بچیوں کے ساتھ عصمت دری کا یہ چوتھا معاملہ ہے۔ رواں ماہ 11 سالہ بچی کے ساتھ عصمت دری کا معاملہ پیش آیا تھا، پھر ایک خانہ بدوش کنبہ کی 3 سالہ بچی کے ساتھ عصمت دری کا گھناؤنا واقعہ انجام دیا گیا۔ ظلم کی شکار بچی لہو لہان حالت میں سڑک پر ملی تھی جس کے بعد اسے علاج کے لیے اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ اس حادثہ کے دو دن بعد ہی ساڑھے تین سال کی ایک بچی کے ساتھ عصمت دری کا معاملہ سامنے آیا تھا۔ اس واقعہ کے ایک ہفتہ بعد اب 14 سالہ لڑکی سے اسپتال احاطہ میں عصمت دری کے واقعہ نے لوگوں میں غم و غصے کی لہر پیدا کر دی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔