ایل جی آفس کا کام صرف جھوٹ بولنا، کام روکنا اور گمراہ کرنا: سوربھ بھاردواج

دہلی کے وزیر صحت اور عآپ رہنما سوربھ بھاردواج نے سنگین الزامات لگاتے ہوئے کہا کہ دہلی کی تمام پریشانیوں کے پیچھے بی جے پی کے ذریعہ ’دہلی کو برباد کرنے‘ کے لئے مقرر کردہ لیفٹیننٹ گورنر کا ہاتھ ہے

<div class="paragraphs"><p>سوربھ بھاردواج / آئی اے این ایس</p></div>

سوربھ بھاردواج / آئی اے این ایس

user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: دہلی کے وزیر صحت اور عام آدمی پارٹی (عآپ) کے رہنما سوربھ بھاردواج نے سنگین الزامات لگاتے ہوئے منگل کو کہا کہ دہلی کی تمام پریشانیوں کے پیچھے بی جے پی کے ذریعہ ’دہلی کو برباد کرنے‘ کے لئے مقرر کردہ لیفٹیننٹ گورنر کا ہاتھ ہے۔

عآپ لیڈر نے کہا کہ اس کی بہت سی مثالیں ہیں۔ تازہ ترین مثال آشا کرن شیلٹر ہوم کی ہے جہاں 14 لوگوں کی المناک موت ہو گئی۔ یہاں ڈاکٹروں اور عملے کی شدید کمی تھی جس کی وجہ سے یہ اموات ہوئیں۔

دوسری طرف ٹرانسفر اور پوسٹنگ کی ضرورت تھی لیکن لیفٹیننٹ گورنر ونے کمار سکسینہ کے ماتحت محکمہ سروسز نے اپنا کام نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے میں بھی ایل جی آفس کی جانب سے جھوٹ بولا گیا۔

سوربھ بھاردواج نے الزام لگایا ہے کہ دہلی کے سرکاری اسپتالوں میں ڈاکٹروں کی کمی ہے۔ نئے بننے والے ہسپتالوں میں بھی تقرریاں نہیں کی جا رہی ہیں۔ اس کے پیچھے، بی جے پی کے ایل جی صاحب نے ایک بہت ہی مضحکہ خیز وجہ بتائی ہے کہ این سی سی ایس کی میٹنگ نہیں ہو رہی ہے۔


سوربھ بھاردواج کا کہنا ہے کہ چند ماہ قبل امبیڈکر میڈیکل کالج کے اندر ایک پروفیسر کے ذریعہ دو طالبات کا جنسی استحصال کیا گیا تھا، لیکن ایل جی اور محکمہ صحت نے اس پروفیسر کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی، بلکہ دونوں طالبات کو جھوٹا پھنسایا جا رہا تھا۔ جب میں نے اس کی وجہ پوچھی تو سکریٹری صحت نے وہی مضحکہ خیز دلیل دی کہ یہ سروسز کا معاملہ ہے اور نیشنل کیپیٹل سول سروس اتھارٹی (این سی سی ایس اے) کی میٹنگ نہ ہونے کی وجہ سے کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔

وزیر موصوف نے کہا ہے کہ ڈاکٹروں کی ٹرانسفر پوسٹنگ نہ کرنے کی وجہ این سی سی ایس اے میٹنگ میں غیر حاضری ہے، وہیں، اپنا فائدہ دیکھتے ہوئے ایل جی صاحب نے محکمہ پی ڈبلیو ڈی میں کئی تقرریاں کیں۔

سوربھ بھردواج نے ایل جی پر سوالات کی بوچھاڑ کرتے ہوئے کہا کہ اگر ٹرانسفر پوسٹنگ ہو سکتی ہے اور ہو رہی ہے تو پھر ایل جی آفس نے دہلی کے لوگوں کو کیوں گمراہ کیا؟ اگر پی ڈبلیو ڈی میں ٹرانسفر پوسٹنگ غلط ہے تو ایل جی صاحب آج ہی پی ڈبلیو ڈی کے سیکریٹری کو معطل کیوں نہیں کر رہے؟ انہوں نے کہا، ’’ایل جی آفس کا کام اب جھوٹ بولنے، کام میں رخنہ اندازی کرنے اور دہلی کو گمراہ کرنے تک محدود ہے۔‘‘

عآپ لیڈر نے کہا ہے کہ اروند کیجریوال کو ضمانت ملنا یقینی ہے۔ بی جے پی اور اس کے لیڈران اس سے خوفزدہ ہیں۔ کیجریوال کو انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کیس میں ضمانت مل گئی ہے اور اب انہیں سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) کیس میں بھی ضمانت مل جائے گی۔ اس لیے بی جے پی میڈیا میں ایسی خبریں شائع کرا رہی ہے کہ انتخابات جلد کرا لئے جائیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔