منریگا کا نام بدلنے سے زیادہ فکر انگیز ہے مزدوروں کے حقوق پر حملہ: راہل گاندھی
راہل گاندھی نے کہا کہ منریگا سے گاندھی جی کا نام ہٹا کر ان کی بے عزتی کی گئی ہے، لیکن اہم بات نام بدلنے کی نہیں ہے۔ غریب عوام کو جو سیکورٹی دی گئی تھی، اسے مودی حکومت نے ختم کر دیا ہے۔

’منریگا‘ سے مہاتما گاندھی کا نام ہٹانے اور اس قانون میں فکر انگیز تبدیلی کیے جانے کے خلاف کانگریس نے ملک گیر مہم شروع کر رکھی ہے۔ ’منریگا بچاؤ سنگرام‘ کے نام سے جگہ جگہ احتجاجی مظاہرے ہو رہے ہیں۔ اس درمیان کانگریس رکن پارلیمنٹ اور لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی نے رائے بریلی میں ایک تقریب سے خطاب کیا۔ اس دوران انھوں نے مزدوروں کے حقوق پر ہو رہے حملے پر اپنی تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت کے حملوں کا مضبوطی کے ساتھ مقابلہ کیا جائے گا۔
اتر پردیش کے رائے بریلی میں منعقد ’منریگا چوپال‘ سے خطاب کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ ’’منریگا صرف ایک منصوبہ نہیں، غریب مزدوروں کا وقار ہے، ان کے روزگار کا حق ہے۔ ہم اسے کسی بھی قیمت پر تباہ نہیں ہونے دیں گے۔‘‘ انھوں نے ’منریگا چوپال‘ میں موجود لوگوں کی زبردست بھیڑ کے سامنے منریگا کی خوبیوں کا ذکر کیا اور بتایا کہ کس طرح اس سے ملک کے کروڑوں لوگوں کو فائدہ پہنچتا رہا ہے۔
اتر پردیش میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے بھی راہل گاندھی نے منریگا کو ختم کرنے کی کوششوں پر اپنی ناراضگی کا اظہار کیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’نریندر مودی پوری طاقت اپنے ہاتھوں میں لے کر غریبوں کو بھوکا مارنا چاہتے ہیں۔‘‘ وہ یہ بھی کہتے ہیں کہ ’’منریگا سے گاندھی جی کا نام ہٹا کر ان کی بے عزتی کی گئی ہے۔ لیکن اہم بات نام بدلنے کی نہیں ہے، ہماری غریب عوام کو جو سیکورٹی دی گئی تھی، اسے مودی حکومت نے ختم کرنے کا کام کیا ہے۔‘‘
راہل گاندھی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے اس بات کا عزم ظاہر کرتے ہیں کہ ’’کانگریس پارٹی پورے ملک میں منریگا کو بچانے کی تحریک چلا رہی ہے، اور ہم مزدوروں کی حفاظت کے لیے مضبوطی سے ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔‘‘ وہ یہ بھی کہتے ہیں کہ ’’ایک طرف ہم عوام کی حفاظت کر رہے ہیں، اور دوسری طرف نریندر مودی ملک کی پوری دولت کھینچ کر امبانی اور اڈانی کے ہاتھوں میں دے رہے ہیں۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔