اتراکھنڈ میں آفت کی بارش نے اب تک 64 سے زائد لوگوں کی لے لی جان

پشکر دھامی حکومت کا کہنا ہے کہ زبردست بارش کا الرٹ ملنے کے فوراً بعد وزیر اعلیٰ سطح پر جائزہ لیا گیا، فوراً ’انسیڈنس رسپانس سسٹم‘ کو ریاستی اور ضلعی سطح پر سرگرم کیا گیا جس سے نقصان کم ہوا۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

اتراکھنڈ میں اچانک آئی آفت کی بارش کے سبب پیش آئے واقعات میں اب تک 64 سے زیادہ لوگوں کی موت ہو چکی ہے۔ بارش اور اس سے جڑے حادثات کے سبب مختلف مقامات پر پھنسے 3500 لوگوں کو ریسکیو کیا گیا ہے جب کہ 16 ہزار لوگوں کو احتیاطاً محفوظ مقامات پر پہنچایا گیا۔ پہاڑی ریاست میں این ڈی آر ایف کی 17 ٹیمیں، ایس ڈی آر ایف کی 7 ٹیمیں، پی اے سی کی 15 کمپنیاں اور پولیس کے 5 ہزار جوان اب بھی بچاؤ اور راحت کاری میں مصروف ہیں۔

ڈیزاسٹر فنڈ میں اتراکھنڈ کو پہلے سے ہی 250 کروڑ روپے کی رقم دی گئی ہے۔ اس سے راحت اور بچاؤ کا کام کیا جا رہا ہے۔ مرکز اور اتراکھنڈ حکومت نے فیصلہ لیا ہے کہ اتراکھنڈ کے آفت زدہ اور آبی جماؤ والے علاقوں میں میڈیکل ٹیمیں بھیجی جائیں گی تاکہ بیماریوں کو پھیلنے سے روکا جا سکے۔ متاثر بجلی لائنوں کو پوری طرح جلد سے جلد ٹھیک کیا جائے گا۔


واضح رہے کہ اتراکھنڈ میں 17، 18 اور 19 اکتوبر کو آئی تیز بارش اور اس کے بعد پیدا حالات کے سبب اب تک 64 لوگوں کی موت ہو چکی ہے۔ ریاستی حکومت نے بتایا کہ بھاری بارش کا الرٹ ملنے کے فوراً بعد وزیر اعلیٰ سطح پر جائزہ لیا گیا۔ فوراً انسیڈنس رسپانس سسٹم کو ریاستی اور ضلعی سطح پر سرگرم کر دیا گیا۔ احتیاطاً تیرتھ یاتریوں اور سیاحوں کو محفوظ مقامات پر روک لیا گیا۔ ساتھ ہی اسکولوں اور آنگن باڑی مراکز میں تعطیل کا اعلان کر دیا گیا۔ مختلف ذرائع سے مسافروں اور عوام کو بھی الرٹ کیا گیا۔ ٹریکرس کو بھی الرٹ کیا گیا۔

وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے بتایا کہ اتراکھنڈ میں ندیوں کی آبی سطح پر لگاتار نظر رکھی جا رہی ہے۔ اس سلسلے میں ضروری قدم بھی اٹھائے گئے ہیں۔ آئی ایم ڈی کے مطابق عام طور پر 1.1 ایم ایم بارش ہوتی ہے، جب کہ ابھی 122.4 ایم ایم بارش ہوئی۔ ان دو دنوں میں سبھی جگہ ریکارڈ بارش ہوئی۔ لیکن صحیح وقت پر الرٹ اور فوراً احتیاطی قدم اٹھانے سے نقصان کو کم کیا جا سکا۔ ریاست میں اس وقت این ڈی آر ایف کی 17 ٹیمیں تعینات ہیں۔


جمعرات کو مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے ریاست کے آفت متاثرہ علاقوں کا ہوائی سروے کر حالات کا جائزہ لیا۔ ان کے ساتھ اتراکھنڈ کے گورنر لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) گرمیت سنگھ، وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی بھی تھے۔ جمعرات کو جولی گرانٹ میں مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے اعلیٰ سطحی میٹنگ میں ریاست میں آفت کی حالت اور چل رہے راحتی کام اور دیگر امور کا جائزہ لیا۔ انھوں نے کہا کہ مرکزی حکومت دیو بھومی کی ہر ممکن مدد کرے گی۔

وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے وزیر اعلیٰ نریندر مودی اور مرکز سے ملے تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ فوج، این ڈی آر ایف، سی ڈبلیو سی، بی آر او کے ساتھ مل کر ریاستی حکومت آفت کے زور کو کم کر سکی۔ لوگوں کو زیادہ سے زیادہ راحت پہنچانے کی پوری کوشش کی جا رہی ہے۔ چاروں دھام کی یاترا شروع کی جا چکی ہے۔


ریاستی حکومت کا کہنا ہے کہ چار دھام یاتریوں کو پہلے ہی محفوظ مقامات پر روک دیا گیا تھا۔ اسی کا نتیجہ ہے کہ ابھی تک چار دھام یاتریوں میں کسی کے ہلاک ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔ یاترا اب شروع بھی کر دی گئی ہے۔ سبھی ایجنسیاں وقت پر سرگرم ہو گئی تھیں۔ وزیر اعظم نے وزیر اعلیٰ سے بات کر کے وقت پر ریاست کو ہیلی کاپٹر دستیاب کرائے۔ حکومت ہند سے ہر ممکن مدد دی جا رہی ہے۔ سنٹر واٹر کمیشن اور محکمہ آبپاشی میں بھی اس مصیبت کی گھڑی میں اچھا تال میل رہا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔