مودی حکومت سبھی محاذ پر ناکام، توجہ بھٹکانے کے لیے سرکاری ایجنسیوں کا کر رہی غلط استعمال: کانگریس

کانگریس ترجمان ابھشیک منو سنگھوی نے کہا کہ مودی حکومت نے چین کی دراندازی کو لے کر ملک کو تاریکی میں رکھا ہے اور یہ سچائی خود لداخ کے لوگوں نے سامنے لائی ہے۔

ابھشیک منو سنگھوی، تصویر آئی اے این ایس
ابھشیک منو سنگھوی، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

کانگریس نے ایک بار پھر مرکزی حکومت پر سرکاری ایجنسیوں کے غلط استعمال کا الزام عائد کیا ہے۔ بدھ کے روز ایک پریس کانفرنس میں کانگریس کے سینئر لیڈر ابھشیک منو سنگھوی نے کہا کہ ’’مرکزی حکومت مہنگائی، معیشت، قومی سیکورٹی اور دیگر سبھی محاذ پر ناکام رہی ہے اور اس سے لوگوں کی توجہ بھٹکانے کے لیے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) اور دیگر جانچ ایجنسیوں کا غلط استعمال رک رہی ہے۔‘‘

کانگریس ترجمان ابھشیک منو سنگھوی کا کہنا ہے کہ ’’ای ڈی کی لگاتار ہو رہی چھاپہ ماری سے واضح ہے کہ حکومت اپنی صلاحیت سے لوگوں کی توجہ ہٹانا چاہتی ہے۔‘‘ وہ مزید کہتے ہیں ’’جانچ ایجنسیوں کا استعمال اپوزیشن لیڈران پر کیا گیا ہے، جب کہ برسراقتدار طبقہ کے لیڈروں کے خلاف نہ کے برابر کارروائی ہوئی ہے۔‘‘


پریس کانفرنس کے دوران ابھشیک منو سنگھوی نے چین کے معاملے پر بھی اپنی بات میڈیا اہلکاروں کے سامنے رکھی۔ انھوں نے کہا کہ مودی حکومت نے چین کی دراندازی کو لے کر ملک کو تاریکی میں رکھا ہے اور یہ سچائی خود لداخ کے لوگوں نے سامنے لائی ہے۔ کانگریس ترجمان نے کہا کہ ’’چین کی سرحد پر مودی حکومت برابر دراندازی نہ ہونے کی بات کرتی ہے۔ خود وزیر اعظم نریندر مودی اور ان کی کابینہ کے اراکین کے ساتھ پوری حکومت اس طرح کی کسی بھی دراندازی سے انکار کرتی ہے۔ حالانکہ مودی حکومت نے ملک کو کس طرح اندھیرے میں رکھا ہے اس کا انکشاف ایل اے سی کی آخری بستی لداخ کے چسل میں رہنے والے لوگوں نے کیا ہے۔ انھوں نے بتایا ہے کہ ان کے گاؤں کے قریب کے بڑے علاقے کو حکومت نے بفر زون قرار دے دیا ہے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔