بھارت جوڑو یاترا: ’یہ عوامی جذبات کا سیلاب ہے جو نفرت کو بہا کر لے جائے گا اور خیرسگالی قائم کرے گا‘

کانگریس نے اپنے ایک ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ ’’بھارت جوڑو یاترا میں عوامی سیلاب امنڈ رہا ہے– بھارت کو ایک بنانے کے لیے، نفرت کو مٹانے کے لیے۔ آئیے، بھارت جوڑو یاترا کے ساتھ جڑ کر اس ملک کو متحد کیجیے۔‘‘

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

تنویر

لوگوں سے ملاقات کرتے، غریب اور محروم طبقات کے مسائل جانتے، ثقافتی رنگوں سے روشناس ہوتے اور نفرت کو مٹا کر محبت بھرا ہندوستان قائم کرنے کے لیے کوشاں کانگریس لیڈر راہل گاندھی کی قیادت میں ’بھارت جوڑو یاترا‘ آج بھی مثالی رہی۔ آج یاترا صبح سویرے مشہور سنت شری نارائن گرو کی تصویر کے سامنے گلپوشی کرنے کے بعد شروع ہوئی، اور جیسے جیسے یاترا بڑھتی رہی، لوگوں کی بھیڑ میں اضافہ ہوتا رہا۔ آج راہل گاندھی نے کیرالہ کی کچھ اہم شخصیات کے ساتھ میٹنگ بھی کی جس میں ہندوستان کے نظریات کے تحفظ اور اپوزیشن اتحاد کی ضرورت پر خاص زور دیا گیا۔

جیسے جیسے بھارت جوڑو یاترا آگے بڑھتی رہی، کانگریس نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے ذریعہ اہم جانکاریاں بھی دیں۔ تصاویر اور ویڈیو کے سہارے کانگریس نے ظاہر کیا کہ بھارت جوڑو یاترا میں نہ صرف لوگوں کا عوامی سیلاب دیکھنے کو مل رہا ہے، بلکہ کانگریس نے جس مقصد کے تحت اس یاترا کو نکالا ہے، اس میں بھی کامیابی مل رہی ہے۔ ایک ٹوئٹ میں کانگریس نے لکھا ہے ’’یہ عوامی جذبات کا سیلاب ہے، جو نفرت کو بہا کر لے جائے گا اور آپسی خیرسگالی کو قائم کر جائے گا۔ بھارت جوڑو یاترا کے ساتھ جڑ کر نفرت کے خلاف جنگ لڑیے۔‘‘


کانگریس نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل سے لوگوں کی زبردست بھیڑ کی تصویر شیئر کرتے ہوئے یہ بھی لکھا ہے کہ ’’بھارت جوڑو یاترا میں عوامی سیلاب امنڈ رہا ہے– بھارت کو ایک بنانے کے لیے، نفرت کو مٹانے کے لیے۔ آئیے، بھارت جوڑو یاترا کے ساتھ جڑ کر اس ملک کو متحد کیجیے۔‘‘ ایک دیگر ویڈیو میں بتایا گیا ہے کہ راہل گاندھی نے کیرالہ کے ضلع الاپوژا کی آنگن واری کارکنوں سے ملاقات کی اور کم اجرت و کام کی خراب صورت حال سے متعلق مسائل کی جانکاری حاصل کی۔ اس موقع پر راہل گاندھی اور کانگریس پارٹی ان کو ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کا عزم ظاہر کیا۔

آج کی یاترا کے دوران وہ لمحہ انتہائی دلکش تھا جب کیرالہ کا ثقافتی رنگ سڑک پر دکھائی دیا۔ کچھ لوگ دونوں ہاتھوں میں لاٹھی لیے رقص کر رہے تھے اور ان لاٹھیوں کو آپس میں ٹکرا رہے تھے۔ اس کی ایک ویڈیو کانگریس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر شیئر کی ہے جس کے ساتھ لکھا ہے ’’یہ تہوار ہے، یہ جوش ہے– بھارت کو جوڑنے کا، بھارت کے تنوع کا عکس بکھیرنے کا۔ بھارت جوڑو یاترا میں ثقافتی رنگ بکھر رہے ہیں۔‘‘ آج کی یاترا کے دوران قابل ذکر مرحلہ وہ بھی تھا جب راہل گاندھی نے کوچی میں ٹرانس جینڈر طبقہ کے ساتھ طویل گفتگو کی۔ اس طبقہ کے لوگوں نے راہل گاندھی سے اپنے چیلنجز اور ہندوستان کے مستقبل کے بارے میں ان کے خوابوں و امیدوں کے بارے میں بتایا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔