مودی حکومت نے کسانوں کو پھر دیا دھوکہ، خریف فصل کی ایم ایس پی پر کانگریس نے اٹھائے سوال

خریف فصلوں کے لیے ایم ایس پی کے اعلان کو کانگریس نے کسانوں کے ساتھ دھوکہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت نے قیمت طے کرنے میں 50 فیصد منافع تو دور، لاگت تک کا خیال نہیں رکھا ہے۔

رندیپ سرجے والا
رندیپ سرجے والا
user

قومی آوازبیورو

مودی حکومت کے ذریعہ خریف فصلوں کے لیے کم از کم قیمت یعنی ایم ایس پی کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ اس اعلان پر کانگریس نے مرکزی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ کانگریس جنرل سکریٹری اور ترجمان رندیپ سنگھ سرجے والا نے اسے کسانوں کے ساتھ دھوکہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’’ایم ایس پی کے اعلان میں کسانوں کو فصل کی لاگت اور اس پر 50 فیصد منافع دینا تو دور، کسانوں کو فصل کی لاگت تک نہیں ملے گی۔‘‘

سرجے والا نے کہا کہ آخر ملک کے کسانوں پر بی جے پی کا حملہ کب رکے گا! انھوں نے کہا کہ ’’شکونی کی شکل اختیار کر کے دھوکہ اور فریب کی چوسر بچھائے مودی حکومت نے ایک بار پھر خریف فصل کی قیمت طے کرنے میں کسانوں سے بے دردی اور بربریت کا مظاہرہ کیا ہے۔‘‘ کانگریس جنرل سکریٹری نے کہا کہ ’’مودی حکومت کا کسان مخالف چہرہ ایک بار پھر ظاہر ہوا، جب خریف 22-2021 کی فصلوں کی قیمتیں طے کرتے ہوئے مودی حکومت نے ملک کے کسانوں سے ایک بار پھر دھوکہ کیا۔‘‘


سرجے والا نے کچھ نکات کے ذریعہ اپنی بات رکھتے ہوئے کہا کہ جب ملک میں شرح مہنگائی 6.2 فیصد ہے، ایسے میں خریف فصلوں کی ایم ایس پی میں محض 3.7 فیصد کا اضافہ کسانوں کے ساتھ مذاق ہے۔ انھوں نے کہا کہ آخر کسان اس سے اپنی فصل کی لاگت کیسے پوری کرے گا؟ انھوں نے کہا کہ کسان کے لیے ویسے بھی مہنگائی کی شرح 20 فیصد ہے کیونکہ گزشتہ 13 مہینے میں کسانوں کے ایندھن ڈیزل کی قیمت 24.18 روپے فی لیٹر بڑھا دی گئی۔ سرجے والا نے مزید کہا کہ مودی حکومت نے گزشتہ سات سال میں تنہا ڈیزل پر 820 فیصد ایکسائز ڈیوٹی بڑھائی ہے۔ اتنا ہی نہیں، کھاد پر 5 فیصد جی ایس ٹی لگا دیا، جراثیم کش دوائی پر 18 فیصد جی ایس ٹی لگایا اور ٹریکٹر و زراعت کی مشینوں پر 12 فیصد جی ایس ٹی لگایا۔ کھاد اور جراثیم کش دوائیوں کی قیمتوں میں مودی حکومت کے سات سالوں میں تقریباً 100 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ اس طرح فی ہیکٹیر زراعت پر لاگت تقریباً 20 ہزار روپے فی ہیکٹیر بڑھا دی ہے۔ اس کے برعکس خریف فصلوں کا اوسط اضافہ 3.7 فیصد ہے۔ ایسے میں کسان کیا کمائے اور کیا کھائے؟

کانگریس ترجمان نے الزام عائد کیا کہ مودی حکومت اصلیت کم اور اخبار کی سرخیاں بنانے میں زیادہ یقین رکھتی ہے۔ سچ یہ ہے کہ ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت مودی حکومت ایم ایس پی پر فصل خریدی کم کر رہی ہے تاکہ دھیرے دھیرے ایم ایس پی ہی ختم ہو جائے۔ جب ایم ایس پی پر فصل خرید ہوگی ہی نہیں، تو ایم ایس پی دینے کا کیا معنی رہ جائے گا؟

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔