دہلی سمیت ملک کی کئی ریاستوں میں ہوئی ماک ڈرل، سائرن بجنے کے بعد بلیک آؤٹ کا نظارہ
آپریشن سندور کے بعد وزارت داخلہ کی ہدایت پر ملک بھر میں ماک ڈرل کی گئی۔ اس ماک ڈرل کا مقصد جنگ جیسے حالات اور دشمن کے حملوں کے پیش نظر عام لوگوں کو بیدار کرنا ہے۔

نئی دہلی علاقہ میں بلیک آؤٹ کا نظارہ، تصویر قومی آواز/ویپن
پہلگام دہشت گردانہ حملہ کے بعد ہندوستانی فوج نے نہ صرف ’آپریشن سندور‘ کے ذریعہ معصوم جانوں کا بدلہ دہشت گردوں سے لے لیا ہے، بلکہ دشمن ملک کے ساتھ جنگ کی صورت میں ان کے دانت کھٹے کرنے کی پوری تیاری بھی کر لی ہے۔ آج مرکزی وزارت داخلہ کی ہدایت پر راجدھانی دہلی سمیت ملک کے سینکڑوں علاقوں میں ماک ڈرل کی گئی اور لوگوں کو بیدار کیا گیا کہ انھیں جنگ کی صورت میں کس طرح کے اقدام کرنے چاہئیں۔ اس ماک ڈرل کے ذریعہ لوگوں کو بتایا گیا کہ جنگ جیسے حالات اور دشمنوں کے حملوں کے وقت وہ خود کو کس طرح محفوظ رکھ سکتے ہیں۔ اس طرح انتظامیہ نے یہ بھی اندازہ کیا کہ جنگ کے لیے تیاریاں کتنی ہو چکی ہے۔
ہندوستانی فوج نے آج دہلی کے خان مارکیٹ میں ماک ڈرل کی، جس میں سیکورٹی فورسز اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ سے متعلق محکموں نے حصہ لیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بنگلورو کے ہلسورو جھیل، جئے پور کے ایم آئی روڈ، پونے کے کونسل ہال سمیت حیدر آباد کے کاچے گوڑا ریلوے اسٹیشن پر ماک ڈرل کی گئی۔ پنجاب کے امرتسر میں بھی سول ڈیفنس اور پولیس ٹیموں نے مل کر ماک ڈرل کی۔
ممبئی سے آ رہی رپورٹس کے مطابق کراس میدان اور چھترپتی شیواجی مہاراج ٹرمینس پر ماک ڈرل کے ذریعہ دشمن کے حملوں سے نمٹنے کی تیاری کا مظاہرہ کیا گیا۔ سنٹرل ریلوے کے چیف پبلک رلیشن افسر نے جانکاری دیتے ہوئے کہا کہ سول ڈیفنس یونٹ کی طرف سے چھترپتی شیواجی مہاراج ٹرمینس پر ماک ڈرل کی گئی۔ اس دوران ریلوے کی سرگرمی کے ساتھ ہی عوام کو محتاط رہنے کا پیغام دیا گیا۔ بہار میں بھی راجدھانی پٹنہ سمیت کچھ دیگر مقامات پر ماک ڈرل کے ذریعہ عوام میں بیداری پیدا کی گئی۔ اس دوران متعلقہ علاقے میں پوری طرح سے تاریکی دیکھنے کو ملی۔
اتر پردیش میں 17 مقامات پر ماک ڈرل کی گئی۔ لکھنؤ واقع پولیس میں ہوئی ماک ڈرل کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ وہاں وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کی بھی نظریں رہیں۔ دوسری طرف بھوپال کے ڈی بی مال اور پولیس لائن سمیت 5 مقامات پر ماک ڈرل کی گئی۔ نہرو نگر پولیس لائن میں ماک ڈرل میں ڈیمو کے لیے عارضی طور سے بنائے گئے گھر میں آگ لگائی گئی۔ آگ اور ناخوشگوار واقعات سے نمٹنے کے لیے کس طرح کے اقدام کیے جاتے ہیں، یہ لوگوں کو بتایا گیا۔ پولیس اور ایس ڈی آر ایف کی ٹیم نے ریسکیو کر لوگوں کو عارضی اسپتال پہنچایا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔