دہلی میں بریگیڈیئر اور بیٹے پر شرپسندوں کا حملہ، پولیس بنی رہی تماشائی، تھانہ انچارج لائن حاضر
واقعے کی ویڈیو دو دن بعد سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد پولیس حرکت میں آئی۔ ایک سینئر پولیس افسر کے مطابق پولیس نے متاثرہ نتاشا کے بیان کی بنیاد پر مقدمہ درج کر کے ضروری کارروائی شروع کردی ہے۔

قومی راجدھانی کے وسنت وہار واقع وسنت انکلیو میں فوج کے بریگیڈیئر اور ان کے بیٹے پر شرپسندوں نے حملہ کردیا۔ الزام ہے کہ جب بریگیڈیئر نے اپنے گھر کے باہر لگژری کار میں بیٹھے دو نوجوانوں کے شراب پینے پراعتراض کیا تو ملزمین نے 8-10 دیگر افراد کے ساتھ مل کر ان کی پٹائی کردی۔ دعویٰ کیا جارہا ہے کہ پولیس شرپسندوں کو روکنے کے بجائے خاموش تماشائی بنی رہی۔ الزام ہے کہ پولیس نے واقعہ کے دو دن بعد ایف آئی آر درج کی۔ وہیں لاپرواہی کے الزام میں تفتیشی افسر تھانہ انچارج کو لائن حاضر کردیا گیا ہے۔ جنوب مغربی ضلع کے ڈپٹی کمشنر آف پولیس امیت گوئل نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ملزمین کی تلاش جاری ہے۔
اطلاعات کے مطابق 11 اپریل کی رات تقریباً 10 بجے بریگیڈیئر پرمیندر سنگھ اروڑہ اپنے بیٹے تیجس اور بیوی نتاشا کے ساتھ اپنے گھر کے باہر چہل قدمی کر رہے تھے کہ انہوں نے دو نوجوانوں کو مرسڈیز کار میں بیٹھے دیکھا۔ دونوں کھلے عام شراب پی رہے تھے۔ انہوں نے اعتراض کیا تو نوجوان ناراض ہو گئے۔ تھوڑی ہی معاملہ اتنا بڑھا کہ ملزمین نے فون کرکے اپنے ساتھیوں کو موقع پر بلا لیا۔
کچھ ہی دیر میں 7-8 نوجوان کئی گاڑیوں میں جائے وقوعہ پر پہنچے اور بریگیڈیئر کے بیٹے پر حملہ کر دیا۔ بیٹے کی پٹائی دیکھ کر بریگیڈیئر نے مداخلت کی تو ملزمین نے ان پر بھی حملہ کردیا۔ اس معاملے کو دفاعی ماہر اشوک بجلوان نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر اٹھایا۔ انہوں نے واقعے کی کچھ تصاویر اور ملزم کی گاڑی کا نمبر شیئر کردیا۔
اس دوران بریگیڈیئر کی اہلیہ نتاشا نے پولیس پر سنگین الزامات عائد کیے ہیں۔ نتاشا کے مطابق حملے کے دوران 112 پر کال کی گئی جس کے بعد ایک پی سی آر گاڑی جائے وقوعہ پر پہنچی۔ الزام ہے کہ پولیس اہلکار نے حملہ آوروں کو روکنے یا متاثرین کو فوری مدد فراہم کرنے کی کوشش نہیں کی۔ یہ سارا واقعہ پی سی آر گاڑی کے سامنے پیش آیا جبکہ پولیس خاموش تماشائی بنی رہی۔
واردات کے بعد زخمی بریگیڈیئر اور ان کا بیٹا وسنت وہار پولیس اسٹیشن پہنچے لیکن وہاں بھی انہیں مایوسی کا سامنا کرنا پڑا۔ بیٹے کے شدید زخمی ہونے کی وجہ سے بریگیڈیئر اسے آرمی اسپتال لے گئے۔ اسی دوران ان کی بیوی شکایت لے کر تھانے میں بیٹھی رہی۔ طویل انتظار کے بعد شکایت درج دے کر متاثرہ شوہر اور بیٹے کے ساتھ گھر واپس آگئی۔ دو دن بعد اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد پولیس حرکت میں آئی۔ ایک سینئر پولیس افسر کے مطابق پولیس نے متاثرہ نتاشا کے بیان کی بنیاد پر مقدمہ درج کر کے ضروری کارروائی شروع کردی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔