میرٹھ: 18 گھنٹے بعد بھی نالے میں گرے بچے کا نہیں ملا کوئی سراغ، تلاشی مہم جاری

پیر کی دوپہر سے ہی پولیس، میونسپل کارپوریشن اور ریسکیو ٹیمیں مشترکہ سرچ آپریشن کر رہی ہیں۔ نالے کے اندر جے سی بی مشینوں کی مدد سے مختلف مقامات پر کھدائی کر بچے کی تلاش کی جا رہی ہے۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر اے آئی</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

اترپردیش کے میرٹھ میں ایک بچہ گہرے نالے میں گر گیا، جس کی عمر تقریباً 8 سے 10 سال بتائی گئی ہے۔ بچے کے گرنے کی اطلاع ملتے ہی انتظامی ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچی، پولیس نے بچے کو بچانے کے لیے ریسکیو آپریشن شروع کیا۔ گزشتہ 18 گھنٹے سے تلاشی مہم جاری ہے، لیکن اب تک بچے کا کوئی سراغ نہیں مل پایا ہے۔

رپورٹس کے مطابق یہ معاملہ میرٹھ کے ٹی پی نگر علاقہ سے سامنے آیا ہے۔ یہاں تھانہ ٹی پی نگر علاقہ کے ایک نالے میں کچرا چنتے ہوئے ایک بچہ نالے میں گر گیا، بچے کی تلاشی مہم 18 گھنٹے بعد بھی مسلسل جاری ہے۔ ہندی نیوز پورٹل ’اے بی پی نیوز‘ پر شائع خبر کے مطابق پیر (26 جنوری) کو ڈائل 112 نمبر پر اطلاع ملی تھی کہ ایک بچہ نالے میں گر گیا ہے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس اور انتظامیہ حرکت میں آ گئی۔


واضح رہے کہ حادثہ کی اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچے ٹی پی نگر پولیس اسٹیشن کے انچارج ارون مشرا خود بچہ کو تلاش کرنے کے لیے نالے کی گہرائی میں اتر گئے۔ پیر کی دوپہر سے ہی پولیس، میونسپل کارپوریشن اور ریسکیو ٹیمیں مشترکہ سرچ آپریشن کر رہی ہیں۔ نالے کے اندر جے سی بی مشینوں کی مدد سے مختلف مقامات پر کھدائی کر بچے کی تلاش کی جا رہی ہے۔

پولیس نے نالے کے کنارے کنارے کچھ فاصلے پر ٹیمیں تعینات کر رکھی ہیں، تاکہ کسی بھی اشارے پر فوری کارروائی کی جا سکے۔ حالانکہ اب تک بچے کا خاندان سامنے نہیں آیا ہے، لیکن اس کے باوجود پولیس اور انتظامیہ معاملے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے مسلسل تلاش میں مصروف ہے۔ دیر رات اور منگل کی صبح بھی مہم جاری رکھی گئی ہے، لیکن اب تک ریسکیو ٹیم کو کامیابی نہیں مل سکی ہے۔