مالیگاؤں دھماکہ معاملہ: بی جے پی رکن پارلیمنٹ پرگیہ ٹھاکر کے خلاف وارنٹ جاری، 20 مارچ تک پیشی کا حکم

29 ستمبر 2008 کو مہاراشٹر کے ناسک شہر واقع مالیگاؤں میں ایک موٹر سائیکل پر رکھے ایک سامان میں دھماکہ ہونے سے چھ لوگوں کی موت ہو گئی تھی اور 100 سے زائد افراد زخمی ہوئے تھے۔

پرگیہ ٹھاکر / آئی اے این ایس
پرگیہ ٹھاکر / آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

2008 کے مالیگاؤں دھماکہ معاملہ میں ممبئی کی ایک خصوصی این آئی اے عدالت نے بی جے پی رکن پارلیمنٹ سادھوی پرگیہ سنگھ ٹھاکر کے خلاف 10 روپے کا ضمانتی وارنٹ جاری کر دیا ہے۔ پرگیہ ٹھاکر مالیگاؤں دھماکہ معاملہ میں ملزم ہیں اور عدالت کے ذریعہ جسمانی طور پر پیشی کے حکم کے باوجود سماعت کے دوران حاضر نہیں ہوئی تھیں۔ ان کے وکیل نے طبی بنیاد پر جسمانی حاضری سے چھوٹ کی درخواست داخل کی تھی، لیکن عدالت نے اس عرضی کو خارج کر دیا اور ضمانتی وارنٹ جاری کیا جو 20 مارچ کو واپس کیا جا سکتا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ 29 ستمبر 2008 کو مہاراشٹر کے ناسک شہر واقع مالیگاؤں میں ایک موٹر سائیکل پر رکھے سامان میں دھماکہ ہونے سے چھ لوگوں کی موت ہو گئی تھی جبکہ 100 سے زائد افراد زخمی ہوئے تھے۔ اس معاملے میں سادھوی پرگیہ ٹھاکر کی کئی مرتبہ عدالت میں پیشی ہو چکی ہے۔ گزشتہ کئی سماعتوں میں انھیں جسمانی حاضری دینی تھی، لیکن وہ غیر حاضر رہیں۔ آج ہوئی سماعت میں اسپیشل جج نے پرگیہ ٹھاکر کے خلاف وارنٹ جاری کرتے ہوئے کہا کہ حاضری اور 10 ہزار روپے کی ادائیگی کرنے پر اسے رد کر دیا جائے گا۔ انھیں 20 مارچ 2024 سے قبل عدالت میں پیشی کا حکم دیا گیا ہے۔


پرگیہ سنگھ ٹھاکر بی جے پی کے ایسے اراکین پارلیمنٹ میں شامل ہیں جن کا نام آئندہ لوک سبھا انتخاب کے لیے پارٹی کی 195 امیدواروں کی پہلی فہرست سے غائب ہے۔ اپنی شعلہ بیانی کے لیے مشہور پرگیہ ٹھاکر کے علاوہ پرویش ٹھاکر اور رمیش بدھوڑی جیسے اراکین پارلیمنٹ کو بھی اس مرتبہ بی جے پی نے اپنے امیدواروں کی پہلی فہرست میں شامل نہیں کیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔