مہاراشٹر: اکولا میں اب بھی انٹرنیٹ بند، مہلوک کے کنبہ کو 4 لاکھ روپے معاوضہ دینے کا اعلان

مہاراشٹر کے اکولا میں ہفتہ کے روز ایک انسٹاگرام پوسٹ پر دو طبقوں  کے درمیان تصادم ہوا اور شرپسندوں نے اس دوران کئی گاڑیوں میں توڑ پھوڑ کی، تشدد کے دوران ایک شخص کی موت ہو گئی تھی۔

<div class="paragraphs"><p>مہاراشٹر کے اکولہ میں تشدد</p></div>

مہاراشٹر کے اکولہ میں تشدد

user

قومی آوازبیورو

اکولا میں ہفتہ کے روز ہونے والے تشدد کو 35 گھنٹے سے زیادہ کا عرصہ گزر چکا ہے اور وہاں آج تیسرے دن بھی  دفعہ 144 نافذ ہے۔ نیوز پورٹل ’آج تک‘ پر شائع ایک خبر کے مطابق  4 تھانوں کے علاقوں میں جہاں کرفیو نافذ ہے، وہاں پولیس کا پہرہ ہے۔ سوشل میڈیا پر کی گئی ایک قابل اعتراض پوسٹ پر ہفتہ کو ہونے والے تشدد کے سلسلے میں اب تک 82 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ یہی نہیں انٹرنیٹ پر پابندی بھی برقرار ہے۔ اکولا میں یونیورسٹی کے امتحانات ملتوی کر دیے گئے ہیں اور 300 افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

اس درمیان مہاراشٹر کے وزیر گریش مہاجن نے دعویٰ کیا ہے کہ اکولا میں دو طبقات کے درمیان ہوا تصادم غالباً منصوبہ بند سازش کا نتیجہ تھا۔ مہاجن نے تشدد میں مارے گئے شخص سے بھی ملاقات کی اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے جانکاری دی کہ نائب وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس نے مہلوک کے اہل خانہ کو چار لاکھ روپے امدادی رقم دینے کا اعلان کیا ہے۔ انھوں نے مہلوک کے رشتہ داروں کو سرکاری امداد کی یقین دہانی بھی کرائی ہے۔


قابل ذکر ہے کہ مہاراشٹر کے اکولا میں ہفتہ کو ایک انسٹاگرام پوسٹ پر دو برادریوں کے درمیان تصادم ہوا۔ اس کے بعد کافی پتھراؤ ہوا۔ شرپسندوں نے اس دوران کئی گاڑیوں میں توڑ پھوڑ کی۔ تشدد کے دوران ایک شخص کی موت بھی ہو گئی تھی، جبکہ دو پولیس اہلکار سمیت 9 افراد زخمی ہوئے۔ اس کے بعد علاقے میں بڑی تعداد میں پولیس فورس تعینات کر کے دفعہ 144 نافذ کر دی گئی اور پولیس اس کی خلاف ورزی کرنے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹ رہی ہے۔ دراصل، پرانے شہر اکولا میں انسٹاگرام پر ایک مذہبی پوسٹ کیا گیا تھا۔ اس کی وجہ سے بہت سے لوگ اکٹھے ہو گئے اور پولیس اسٹیشن پہنچ کر شکایت درج کرائی۔ پولیس نے اس معاملے میں کیس درج کر لیا۔ اس دوران تھانے پہنچی بھیڑ بے قابو ہو گئی اور گاڑیوں کی توڑ پھوڑ شروع کر دی۔

تشدد میں ولاس گائیکواڈ کی موت ہو گئی تھی۔ ولاس 40 سال کا الیکٹریشین تھا۔ پولیس کے مطابق، ہجوم نے سوشل میڈیا پر ایک قابل اعتراض پوسٹ کی شکایت کے بعد تھانے میں توڑ پھوڑ کی۔ کچھ ہی دیر میں دوسری برادری کے لوگ سامنے آ گئے۔ انہوں نے بھی پتھراؤ شروع کر دیا۔ دونوں فریقوں کے درمیان شدید جھڑپ ہوئی۔ پولیس نے حالات پر قابو پانے کے لیے طاقت کا استعمال کیا۔ شرپسندوں پر آنسو گیس کے گولے چھوڑے گئے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔