مدھیہ پردیش میں بی جے پی وزیر کے پوسٹر سے ’مہاراج‘ غائب، کانگریس نے کسا طنز

مدھیہ پردیش کے وزیر توانائی تومر کے استقبال میں جگہ جگہ پوسٹر لگائے گئے ہیں، ان میں کئی پوسٹرس ایسے ہیں جن میں ’مہاراج‘ کے نام سے مشہور جیوترادتیہ سندھیا کی تصویر نہیں ہے۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

مدھیہ پردیش کے وزیر توانائی پردیومن سنگھ تومر اپنے طریقہ کار کی وجہ سے اکثر موضوعِ بحث رہتے ہیں۔ انھیں مرکزی وزیر جیوترادتیہ سندھیا کا حامی مانا جاتا ہے۔ وہ ان دنوں ریاست کی خوشحالی کے لیے ’پدیاترا‘ (پیدل سفر) پر نکلے ہوئے ہیں۔ اس دوران ان کے استقبال میں لگے پوسٹر میں سندھیا کی ہی تصویر نظر نہ آنے پر کانگریس طنز کس رہی ہے۔ ریاست کی خوشحالی اور عوام کے مسائل کا حل تلاش کرنے کے مقصد کو لے کر تومر نے پیر کے روز چار روزہ پدیاترا شروع کی۔ کوٹیشور مندر سے شروع ہوئی اس پدیاترا میں تومر ماں پیتامبرا شکتی پیٹھ دتیا پہنچ کر سبھی کی خوشحالی کے لیے پوجا کریں گے۔ اس پدیاترا کے دوران بجلی کے مسئلہ کا حل تلاش کرنے کے لیے کیمپ بھی لگائے جا رہے ہیں۔

ریاستی وزیر تومر پدیاترا کے دوران عوامی چوپال لگا کر عام لوگوں کے بجلی سے متعلق مسائل کو سن رہے ہیں۔ انھوں نے چوپال میں زمین پر بیٹھ کر عوام کے مسائل سنے اور ان کے حل کے لیے محکمہ بجلی کے افسران کو ہدایت دی۔ وزیر تومر کے اس عمل سے خوش ہو کر اور ان کے استقبال میں جگہ جگہ پوسٹر لگائے گئے ہیں۔ ان میں کئی پوسٹر ایسے ہیں جن میں سندھیا کی تصویر موجود نہیں ہے۔ تومر سیاست میں سندھیا کے قریبی مانے جاتے ہیں اور اسی کے سبب کانگریس ترجمان کے کے مشرا نے طنز کسا ہے اور ایک تصویر ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا ہے ’’ان دنوں سندھیا حامی (بی جے پی نہیں) وزیر پردیومن سنگھ تومر گوالیر میں اپنی مذہبی پدیاترا پر ہیں۔ ہونا بھی چاہیے لیکن چرچہ عام ہے کہ اس یاترا، چوپال کے پوسٹر میں زیر اعلیٰ، بی جے پی ریاستی صدر موجود ہیں، اور مہاراج ندارد، کیا کہیں؟؟‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔