’مہاگٹھ بندھن‘ نے پٹنہ میں 3 مارچ کو ’جَن وشواس ریلی‘ کرنے کا کیا اعلان، ایک پلیٹ فارم پر نظر آئیں گے راہل-تیجسوی

نتیش کمار کے پلٹی مارنے کے بعد تیجسوی یادو سرگرم دکھائی دے رہے ہیں اور ’جَن وشواس یاترا‘ کے تحت پوری ریاست کا دورہ کر رہے ہیں، اب مہاگٹھ بندھن نے 3 مارچ کو ’جَن وشواس ریلی‘ کرنے کا اعلان بھی کر دیا ہے

تصویر تیجسوی یادو کے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے لی گئی ہے
تصویر تیجسوی یادو کے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے لی گئی ہے
user

قومی آوازبیورو

آئندہ لوک سبھا انتخاب کو دیکھتے ہوئے بہار میں انڈیا اتحاد نے 3 مارچ کو راجدھانی پٹنہ کے گاندھی میدان میں ’جَن وشواس ریلی‘ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ حالانکہ انڈیا اتحاد میں شامل پارٹیاں بہار میں پہلے ہی مہاگٹھ بندھن کے نام سے اتحاد بنائے ہوئی ہیں جو اس مرتبہ لوک سبھا انتخاب میں برسراقتدار طبقہ کو زبردست ٹکر دیتی ہوئی دکھائی دے رہی ہے۔

پٹنہ میں منعقد ہونے والی ’جَن وشواس ریلی‘ میں آر جے ڈی لیڈر لالو پرساد یادو اور تیجسوی یادو کے ساتھ ساتھ کانگریس لیڈر راہل گاندھی بھی شامل ہوں گے۔ یعنی ایک بار پھر راہل-تیجسوی ایک پلیٹ فارم پر نظر آئیں گے۔ اس سے قبل ’بھارت جوڑو نیائے یاترا‘ میں تیجسوی یادو کی شرکت ہوئی تھی جہاں انھوں نے راہل گاندھی کے ساتھ گاڑی پر سوار ہو کر عوام کے مسائل سنے تھے۔ بہرحال، 3 مارچ کو ہونے والی ریلی میں دیپانکر بھٹاچاریہ، سیتارام یچوری اور ڈی راجہ کی بھی شرکت ہونے والی ہے۔ یہ سبھی لیڈران عوام سے خطاب کریں گے۔


بہار ریاستی کانگریس صدر اکھلیش پرساد سنگھ اور آر جے ڈی کے ریاستی صدر جگدانند سنگھ نے بدھ کے روز پٹنہ میں ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں 3 مارچ کو جَن وشواس ریلی منعقد کرنے کا اعلان کیا۔ اکھلیش یادو نے کہا کہ کانگریس لیڈر راہل گاندھی 3 مارچ کو بہار آئیں گے اور پٹنہ کی ریلی میں آر جے ڈی چیف لالو پرساد یادو اور سی پی ایم جنرل سکریٹری سیتارام یچوری سمیت دیگر لیڈران کے ساتھ اسٹیج شیئر کریں گے۔

قابل ذکر ہے کہ بہار کے وزیر اعلیٰ اور جنتا دل یو صدر نتیش کمار کے پلٹی مارنے کے بعد تیجسوی یادو سیاسی طور پر انتہائی سرگرم دکھائی دے رہے ہیں۔ وہ فی الحال ’جَن وشواس یاترا‘ کے تحت ریاستی دورے پر ہیں۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ جَن وشواس یاترا کے ٹھیک بعد پٹنہ میں جَن وشواس ریلی منعقد کر مہاگٹھ بندھن اور انڈیا اتحاد بہار میں لوک سبھا انتخاب کے لیے اپنی مہم کا بگل پھونکنے والا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔