لوک سبھا انتخابات 2024: اتر پردیش میں کانگریس اور سماجوادی پارٹی کے درمیان بن گئی بات، کانگریس کو ملی 17 سیٹیں

کانگریس رائے بریلی، امیٹھی، کانپور سٹی، فتحپور سیکری، بانس گاؤں، سہارنپور، پریاگ راج، مہاراج گنج، وارانسی، امروہہ، جھانسی، بلند شہر، غازی آباد، متھرا، سیتاپور، بارابنکی اور دیوریا سے امیدوار اتارے گی

<div class="paragraphs"><p>(بائیں سے دائیں) راہل گاندھی، ملکارجن کھڑگے اور اکھلیش یادو</p></div>

(بائیں سے دائیں) راہل گاندھی، ملکارجن کھڑگے اور اکھلیش یادو

user

قومی آوازبیورو

لکھنؤ: اتر پردیش سے انڈیا اتحاد کے لیے خوشخبری سامنے آ رہی ہے۔ کانگریس اور سماجوادی پارٹی کے درمیان سیٹوں کی تقسیم سے متعلق اتفاق رائے قائم ہو گئی ہے۔ دونوں ہی پارٹیوں کی جانب سے ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں اس تعلق سے جانکاری دی گئی اور بتایا گیا کہ اتر پردیش کی 17 پارلیمانی سیٹوں پر کانگریس اپنے امیدوار کھڑے کرے گی۔ باقی 63 پارلیمانی سیٹوں پر انڈیا اتحاد میں شامل دیگر پارٹیوں کے امیدوار کھڑے ہوں گے۔

آئندہ لوک سبھا انتخاب کے پیش نظر اس وقت سیاسی سرگرمیاں عروج پر ہیں اور اتر پردیش میں کانگریس-سماجوادی پارٹی کے درمیان سیٹوں کی تقسیم نہیں ہونے سے طرح طرح کی افواہیں پھیل رہی تھیں، لیکن بدھ کے روز دونوں پارٹیوں نے مشترکہ پریس کانفرنس کر باضابطہ اعلان کیا کہ وہ مل کر بی جے پی کا مقابلہ کریں گے اور ملک کو ایک اچھی حکومت دیں گے۔


پریس کانفرنس کے دوران اتر پردیش کانگریس انچارج اویناش پانڈے نے کہا کہ انڈیا اتحاد کے تحت پورے ملک میں جمہوریت کو بچانے کے لیے اور آئین کا وقار محفوظ رکھنے کے لیے ملک کی سبھی ذمہ دار پارٹیوں نے جو طے کیا تھا، اسی کے اگلے قدم کی شکل میں سماجوادی پارٹی اور کانگریس نے یوپی میں سیٹوں کی تقسیم کا عمل انجام دیا ہے۔ یہاں کی 80 لوک سبھا سیٹوں سے متعلق کسی فیصلہ پر پہنچنے کے لیے دونوں پارٹیوں کے صدور کی ہدایت کے مطابق ایک کمیٹی قائم کی گئی تھی۔ اس کمیٹی نے یقینی بنایا ہے کہ بی جے پی کا مقابلہ پوری طاقت کے ساتھ کیا جا سکے۔ اویناش پانڈے نے مزید کہا کہ ’’مجھے خوشی ہے کہ اتر پردیش میں آپسی اتفاق قائم ہو گیا ہے۔ یہاں کانگریس 17 سیٹوں پر انتخاب لڑے گی اور انڈیا اتحاد کی دیگر پارٹیاں بچی ہوئی 63 سیٹوں پر امیدوار کھڑے کریں گی۔‘‘

سماجوادی پارٹی کے ریاستی صدر نریش اتم پٹل نے اس موقع پر کہا کہ ’’ہمارے ملک میں جمہوری نظام اور آئین کی شکل کو جو بھی کمزور کرے گا، ہم اس کا متحد ہو کر مقابلہ کریں گے۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’لوک سبھا انتخاب میں کم وقت ہے، ایسے میں کانگریس اور سماجوادی پارٹی نے مل کر اتحاد کا راستہ ہموار کیا ہے اور اس کے ذریعہ ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی، بدعنوانی و بے روزگاری کے ساتھ ساتھ بدعنوان طاقتوں سے مقابلہ کیا جائے گا۔‘‘ نریش اتم پٹیل نے یہ بھی جانکاری دی کہ مدھیہ پردیش میں سماجوادی پارٹی کھجوراہو پارلیمانی سیٹ سے اپنا امیدوار کھڑا کرے گی اور اس ریاست میں باقی پارلیمانی سیٹوں پر کانگریس امیدوار کی حمایت کرے گی۔


سماجوادی پارٹی کے قومی سکریٹری راجندر چودھری نے کانگریس اور سماجوادی پارٹی کے درمیان سیٹوں کی تقسیم پر خوشی کا اظہار کیا۔ انھوں نے کہا کہ بی جے پی کی وجہ سے جمہوریت خطرے میں ہے، اسے بحال کرنا ضروری ہے۔ راجندر چودھری کا کہنا ہے کہ ’’ہم مانتے ہیں کہ انڈیا اتحاد بی جے پی کو اقتدار سے باہر پھینکنے میں اہل ہوگا۔ ہم جمہوری نظام کو مضبوط کریں گے۔ اظہارِ رائے کی آزادی کو بحال کرنے میں اہل ہوں گے۔ بی جے پی نے جس طرح سے حکومت کی ہے، وہ عوام کی امیدوں کے مطابق نہیں ہے۔ 2024 کے لوک سبھا انتخاب میں سماجوادی پارٹی، کانگریس اور انڈیا اتحاد مل کر ملک کو بچانے کے لیے آپ کے سامنے موجود ہیں۔‘‘

بہرحال، اتر پردیش میں کانگریس جن 17 پارلیمانی سیٹوں پر اپنے امیدوار اتارے گی ان کے نام ہیں رائے بریلی، امیٹھی، کانپور سٹی، فتح پور سیکری، بانس گاؤں، سہارنپور، پریاگ راج، مہاراج گنج، وارانسی، امروہہ، جھانسی، بلند شہر، غازی آباد، متھرا، سیتاپور، بارابنکی اور دیوریا۔ ان میں سے جن سیٹوں پر سماجوادی پارٹی نے اپنے امیدوار کے نام کا اعلان کر دیا ہے، جلد ہی اس نام کو واپس لیے جانے کا اعلان ہو سکتا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔