مہادیو ایپ: 39 ٹھکانوں پر ای ڈی کی چھاپہ ماری، 417 کروڑ روپے ضبط، رڈار پر بالی ووڈ کی 14 ہستیاں

جو بالی ووڈ ہستیاں ای ڈی کی رڈار پر ہیں ان میں راحت فتح علی خان، وشال ڈڈلانی، عاطف اسلم، بھارتی سنگھ، سنی لیون، ٹائیگر شراف، نیہا ککڑ، ایلی اورام، بھاگیہ شری، کیرتی کھربندا، نصرت بھروچا شامل ہیں۔

<div class="paragraphs"><p>ای ڈی کا لوگو / آئی اے این ایس</p></div>

ای ڈی کا لوگو / آئی اے این ایس

user

قومی آوازبیورو

مہادیو ایپ سے جڑے منی لانڈرنگ نیٹورک کے معاملے میں ای ڈی نے مدھیہ پردیش کی راجدھانی بھوپال، مہاراشٹر کی راجدھانی ممبئی اور مغربی بنگال کی راجدھانی کولکاتا میں چھاپہ ماری کا عمل انجام دیا ہے۔ مجموعی طور پر ای ڈی نے 39 ٹھکانوں پر چھاپہ ماری کی جس میں گولڈ کوائن و زیورات کے ساتھ ساتھ 417 کروڑ روپے بھی ضبط کیے۔ بتایا جاتا ہے کہ تلاشی کے دوران ای ڈی افسران کو بڑی تعداد میں منی لانڈرنگ سے متعلق کاغذات اور ثبوت ملے ہیں۔

قابل ذکر بات یہ ہے کہ چھاپہ ماری کے دوران حاصل کاغذات میں 14 بالی ووڈ ہستیوں کے نام بھی ملے ہیں۔ اس کے بعد ٹائیگر شراف، سنی لیون، نیہا ککڑ، بھارتی سنگھ، نصرت بھروچا، وشال ڈڈلانی جیسے بالی ووڈ ستارے آن لائن سٹہ بازی ایپ کے ذریعہ دھوکہ دہی کے معاملے میں ای ڈی کی رڈار پر آ گئے ہیں۔


ای ڈی ذرائع کے مطابق مہادیو بک ایپ کے مالک سوربھ چندراکر کی شادی فروری میں متحدہ عرب امارات واقع دبئی میں ہوئی تھی۔ اس میں بالی ووڈ کے گلوکار اور اداکار کو پرفارم کرنے کے لیے بلایا گیا تھا۔ ای ڈی کے ہاتھ ہی ویڈیو لگی ہے۔ ای ڈی افسران کا کہنا ہے کہ حوالہ کے ذریعہ تقریباً 200 کروڑ روپے کی ادائیگی کی گئی ہے۔ ای ڈی کے ہاتھ کچھ سنسنی خیز جانکاریاں بھی لگی ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ ’مہادیو بیٹنگ ایپ‘ کمپنی کے مالک کا نام روی اُپل، سوربھ چندراکر ہے۔ ای ڈی ان کی تلاش کر رہی ہے۔ جیسے جیسے اس آن لائن دھوکہ دہی گینگ کو لے کر جانچ آگے بڑھتی جا رہی ہے، بالی ووڈ کنکشن اور بھی گہرا ہوتا جا رہا ہے۔

ای ڈی کی رپورٹ میں اس بات کا ذکر ہے کہ افسران جلد ہی اس معاملے کی تحقیقات کریں گے اور اس بات کی تحقیقات کریں گے کہ یہ بالی ووڈ ستارے اس دھوکہ دہی سے کس طرح سے جڑے ہوئے تھے۔ ای ڈی کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ کمپنی نے آن لائن سٹہ بازی ایپس کے ذریعہ بازار سے پیسے نکالے ہیں۔ اس کے ذریعہ کئی مشہور ہستیوں اور سرکاری افسران تک پیسہ گیا ہے۔ اس معاملے میں ای ڈی افسران حوالہ کاروبار سے بھی کنکشن دیکھ رہے ہیں۔ یوگیش پوپٹ نام کے شخص کا بھی نام سامنے آیا ہے اور تلاشی کے دوران افسران کو گووندا کیڈیا نامی شخص کے گھر سے 18 لاکھ روپے نقد، 13 کروڑ روپے کے سونے اور چاندی کے زیورات برآمد ہوئے۔


بہرحال، جو 14 بالی ووڈ ہستیاں ای ڈی کی رڈار پر آ گئی ہیں، ان کے نام ہیں راحت فتح علی خان، علی اصغر، وشال ڈڈلانی، عاطف اسلم، بھارتی سنگھ، سنی لیون، ٹائیگر شراف، نیہا ککڑ، ایلی اورام، بھاگیہ شری، کرشنا ابھشیک، پلکت سمراٹ، کیرتی کھربندا، نصرت بھروچا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔