مدھیہ پردیش ضمنی انتخاب: بی جے پی لیڈر پر شرائط کی خلاف ورزی کا معاملہ درج

شرائط کے مطابق روڈ شو کے لیے بی جے پی لیڈر کو اجازت محض پانچ گاڑیوں کی گئی تھی۔ اس کے علاوہ کووِڈ-19 سے متعلق سوشل ڈسٹینسنگ وغیرہ پر عمل درآمد کرنے کے لیے بھی کہا گیا تھا، جس پر عمل نہیں ہوا۔

علامتی تصویر
علامتی تصویر
user

یو این آئی

اندور: مدھیہ پردیش کے ضلع اندور میں سانورے اسمبلی سیٹ پر ضمنی الیکشن کے پیش نظر یہاں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی جانب سے منعقد روڈ شو کے دوران متعینہ شرائط کی خلاف ورزی کے سلسلے میں ایک مقامی رہنما کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ پولس ذرائع کے مطابق سانورے تھانے میں گزشتہ دیر رات بی جے پی لیڈر دنیش بھاؤسار کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ روڈ شو گزشتہ روز ہی کیا گیا تھا جس میں وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان بھی شامل ہوئے تھے۔

ذرائع کے مطابق سانورے اسمبلی حلقے میں کُڈانہ چوراہے سے اجنود روڈ تیراہے تک وزیر اعلیٰ کے روڈ شو کے لیے بی جے پی رہنما دنیشن بھاؤسار کی درخواست پر اجازت دی گئی تھی۔ متعینہ شرائط کے مطابق اجازت محض پانچ گاڑیوں کے لیے دی گئی تھی۔ اس کے علاوہ کووِڈ-19 سے متعلق سوشل ڈسٹینسنگ وغیرہ پر عمل درآمد کرنے کے لیے بھی کہا گیا تھا۔


ذرائع نے کہا کہ روڈ شو میں اجازت کے خلاف پانچ سے زیادہ گاڑیوں کا استعمال کیا گیا، ماسک نہ پہن کر اور سوشل ڈسٹینسنگ پر توجہ نہ رکھ کر کووِڈ-19 سے متعلق ہدایات پر عمل درآمد نہیں کیا گیا، لہٰذا سانورے تھانہ انچارج موہن سنگھ چوہان کی جانب سے پیش کی گئی رپورٹ کی بنیاد پر دیر رات سانورے تھانے میں دنیش بھاؤسار کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ 188 کے تحت رپورٹ درج کی گئی ہے۔

سانورے اسمبلی کے ضمنی الیکشن میں مقابلہ بی جے پی کے امیدوار اور ریاست کے آبی وسائل کے وزیر تلسی سلاوٹ اور کانگریس کے سابق رکن پارلیمنٹ پریم چند گڈو کے درمیان ہے۔ درج فہرست ذات (ایس سی) کے لیے محفوظ اس سیٹ پر انتخابی تشہیر کی مہم زور پکڑ رہی ہے۔ پولنگ 03 نومبر کو اور ووٹنگ 10 نومبر کو ہوگی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔