کورونا کے خلاف جنگ میں پی ایم مودی کا نیا نعرہ 'جب تک دوائی نہیں، تب تک ڈھلائی نہیں'

پی ایم مودی نے ملک کے نام خطاب میں کورونا کے خلاف جاری جنگ کے تعلق سے لوگوں کو بتایا کہ لاک ڈاؤن بھلے ہی ختم ہو گیا ہو، لیکن کورونا وائرس ابھی ختم نہیں ہوا ہے، اس لیے احتیاط کا عمل جاری رکھیں۔

user

تنویر

پی ایم نریندر مودی کے ذریعہ شام 6 بجے ملک کے نام خطاب کا لوگوں کو بے صبری سے انتظار تھا اور لوگ یہ امیدیں لگائے بیٹھے تھے کہ تہواروں کے اس سیزن میں شاید کوئی اعلان ہوگا جس سے کورونا بحران کے مشکل حالات میں کچھ آسانیاں میسر ہوں گی، لیکن ایسا کچھ بھی دیکھنے کو نہیں ملا۔ اپنے خطاب میں پی ایم مودی نے کورونا وائرس کے خلاف جاری جنگ کے بارے میں بتایا اور لوگوں کو تنبیہ کی کہ کسی بھی طرح کی ڈھلائی سے کورونا انفیکشن کی رفتار جو کم ہوئی ہے، ایک بار پھر بڑھ سکتی ہے۔


اپنے خطاب میں پی ایم مودی نے کہا کہ "کورونا کے خلاف لڑائی میں جنتا کرفیو سے لے کر آج تک ہم ہندوستانیوں نے بہت طویل سفر طے کیا ہے۔ وقت کے ساتھ معاشی سرگرمیاں بھی تیزی سے بڑھ رہی ہیں۔ ہم میں سے بیشتر لوگ اپنی ذمہ داریوں کو نبھانے کے لیے پھر سے روزانہ گھروں سے باہر نکل رہے ہیں۔ تہواروں کے اس موسم میں بازاروں میں بھی رونق دھیرے دھیرے لوٹ رہی ہے۔ لیکن ہمیں یہ بھولنا نہیں ہے کہ لاک ڈاؤن بھلے چلا گیا ہو، وائرس نہیں گیا ہے۔"

پی ایم مودی نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ "گزشتہ 8-7 مہینوں میں ہر ہندوستانی کی کوشش سے ملک آج جس سنبھلی ہوئی حالت میں ہے ہمیں اسے بگڑنے نہیں دینا ہے۔ مزید بہتری کے لیے کوششیں کرنی ہے۔ آج ملک میں ریکوری ریٹ اچھی ہے۔ فرٹیلیٹی ریٹ کم ہے۔ ہندوستان میں جہاں فی 10 لاکھ آبادی پر قریب 5 ہزار لوگوں کو کورونا ہوا ہے وہیں امریکہ اور برازیل جیسے ممالک میں یہ نمبر 25 ہزار کے قریب ہے۔ ہندوستان میں فی 10 لاکھ لوگوں میں اموات کی شرح 83 ہے، جب کہ امریکہ، برازیل، برطانیہ جیسے ممالک میں یہ نمبر 600 کے پار ہے۔ وسائل سے مالامال ممالک کے مقابلے میں ہندوستان اپنے زیادہ سے زیادہ شہریوں کی زندگی بچانے میں کامیاب رہا ہے۔"


ہندوستان میں کورونا مریضوں کے لیے موجود سہولتوں کے بارے میں بھی پی ایم مودی نے اپنے خطاب میں تذکرہ کیا۔ انھوں نے کہا کہ "آج ہمارے ملک میں کورونا مریضوں کے لیے 90 لاکھ سے زیادہ بستروں کی سہولت دستیاب ہے۔ 12 ہزار کوارنٹائن سنٹرس ہیں۔ کورونا ٹیسٹنگ کی قریب 2 ہزار لیب کام کر رہی ہے۔ " لیکن ساتھ ہی انھوں نے اس بات پر مایوسی کا اظہار کیا کہ بہت سے لوگوں نے احتیاط کا دامن چھوڑ دیا ہے۔ پی ایم مودی نے کہا کہ "کئی لوگوں نے احتیاط کرنا بند کر دیا ہے، یا ڈھیل دے دی ہے۔ یہ بالکل ٹھیک نہیں ہے۔ اگر آپ لاپروائی کر رہے ہیں، بغیر ماسک کے باہر نکل رہے ہیں تو آپ خود کو، اپنی فیملی کو، اپنے بچوں کو، بزرگوں کو بڑے خطرہ میں ڈال رہے ہیں۔ دھیان رکھیے، آج امریکہ ہو یا یورپ کے دوسرے ممالک ہوں، ان ممالک میں کورونا کے معاملے کم ہو رہے تھے لیکن بداحتیاطی کے سبب اچانک پھر سے بڑھنے لگے اور فکر انگیز اضافہ جاری ہے۔"

اس موقع پر پی ایم مودی نے سنت کبیر داس کا ایک دوہا بھی پڑھا جس میں سبق آموز بات کہی گئی ہے۔ کبیر داس کا دوہا اس طرح ہے:

پکی کھیتی دیکھ کے گَرو کیا کسان

اَجہوں جولا بہت ہے گھر آوے تب جان

اس دوہا کی تشریح کرتے ہوئے پی ایم مودی نے کہا کہ "کئی بار ہم پکی ہوئی فصل دیکھ کر ہی خوشی سے بھر جاتے ہیں کہ اب تو کام ہو گیا۔ لیکن جب تک فصل گھر نہ آ جائے تب تک کام پورا نہیں ماننا چاہیے۔ یہی کبیر داس کہہ کے گئے ہیں۔ یعنی جب تک کامیابی پوری طرح نہ مل جائے، لاپروائی نہیں کرنی چاہیے۔"


اپنا خطاب آگے بڑھاتے ہوئے پی ایم مودی نے کہا کہ "ساتھیو! جب تک اس وبا کے لیے ویکسین نہیں آ جاتی، ہمیں کورونا سے اپنی لڑائی کو رَتی بھر بھی کمزور نہیں پڑنے دینا ہے۔ برسوں بعد ہم ایسا ہوتا دیکھ رہے ہیں کہ انسانیت کو بچانے کے لیے جنگی سطح پر پوری دنیا میں کام ہو رہا ہے۔ کئی ممالک اس کے لیے کام کر رہے ہیں۔ہمارے ملک کے سائنسداں بھی ویکسین کے لیے جی جان سے جٹے ہیں۔ ہندوستان میں ابھی کورونا کی کئی ویکسین پر کام چل رہا ہے۔ ان میں کچھ ایڈوانسڈ اسٹیج پر ہیں اور حوصلہ بخش نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ کورونا ویکسین جب آئے گی، وہ جلد سے جلد ہر ہندوستانی تک کیسے پہنچے، اس کے لیے بھی حکومت کی کوششیں جاری ہیں۔ ایک ایک شہری تک ویکسین پہنچے، اس کے لیے تیزی سے کام ہو رہا ہے۔"

خطاب کے دوران پی ایم مودی نے 'جب تک دوائی نہیں، تب تک ڈھلائی نہیں' کا ایک نیا نعرہ بھی دیا اور کہا کہ "تہواروں کا وقت ہماری زندگی میں خوشیوں کا وقت ہے۔ ایک مشکل وقت سے نکل کر ہم آگے بڑھ رہے ہیں۔ چھوٹی سی لاپروائی ہماری رفتار کو روک سکتی ہے، ہماری خوشی کو دھندلی کر سکتی ہے۔" وہ مزید کہتے ہیں کہ "دو گز کی دوری، وقت وقت پر صابن سے ہاتھ دھونا اور ماسک لگانا، اس کا دھیان رکھیے۔ میں آپ سب سے گزارش کرتا ہوں، آپ کو میں محفوظ دیکھنا چاہتا ہوں، آپ کی فیملی کو خوشی دینا چاہتا ہوں، یہ تہوار آپ کو خوشی دے اس لیے آپ سے گزارش کرنا چاہتا ہوں کہ احتیاط کا دامن مت چھوڑیے۔ میڈیا اور سوشل میڈیا کے ساتھیوں سے بھی پرخلوص گزارش کرنا چاہتا ہوں کہ بیداری پیدا کرنے کے لیے جتنی مہم چلائیں گے یہ آپ کی طرف سے ملک کی خدمت ہوگی۔ آپ میرا ساتھ دیجیے، ملک کے ہر باشندے کا ساتھ دیجیے۔"

خطاب کے آخر میں پی ایم مودی نے کہا کہ "میرے پیارے ہم وطنو، صحت مند رہیے، تیز رفتاری سے آگے بڑھیے اور ہم سب مل کر ملک کو بھی آگے بڑھائیں۔ نوراتر، دسہرا، عید (میلادالنبی)، دیوالی، چھٹھ پوجا، گرونانک جینتی سمیت سبھی تہواروں کی سبھی ہم وطنوں کو بہت بہت مبارکباد۔"

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */