مدھیہ پردیش: پنّا ایسڈ حملہ کے دونوں ملزمین گرفتار، لڑکی اسپتال میں زیر علاج

پنّا ضلع میں ایک لڑکی کی آنکھوں میں تیزاب جیسی کوئی شئے ڈالنے والے دونوں ملزمین کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے، اس واقعہ کے تعلق سے کمل ناتھ نے ریاستی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

تیزاب، تصویر آئی اے این ایس
تیزاب، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

مدھیہ پردیش کے پنّا ضلع میں ایک لڑکی کی آنکھوں میں کیمیکل (تیزاب جیسی کوئی شئے) ڈالنے والے دونوں ملزمین کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے اور ان کے خلاف کارروائی شروع ہو گئی ہے۔ اس وقت لڑکی کا اسپتال میں علاج چل رہا ہے اور اسے کچھ بھی دکھائی نہیں دے رہا ہے۔

واقعہ منگل کی شب کا ہے جب براہو گاؤں میں گڈی ڈھیمر نام کی 20 سالہ لڑکی کی آنکھوں میں دو نوجوانوں نے کیمیکل ڈال دیا تھا۔ ساتھ ہی بدسلوکی کی بھی کوشش کی تھی۔ ملزمین کو شک تھا کہ ان کے کنبہ کی ایک لڑکی کو بھگانے میں گڈی کا ہاتھ رہا ہے۔


ریاست کے وزیر داخلہ ڈاکٹر نروتّم مشرا نے بھوپال میں بتایا ہے کہ پنّا معاملے کے ملزمین کو بخشا نہیں جائے گا۔ دونوں ملزمین پولیس کی گرفت میں ہیں اور ان پر قانون کے مطابق سخت سے سخت کارروائی کی جا رہی ہے۔ متاثرہ ڈاکٹروں کی نگرانی میں ہے اور اس کی حالت پہلے سے بہتر ہے۔

گڈی ڈھیمر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ وہ اپنے بھائی کے ساتھ گھر پر تھی جب دو نوجوان سمّی راجہ اور گولڈی، جو اس کے پڑوسی ہیں، آئے اور باہر بلا کر کھیت میں لے گئے۔ دونوں نے اس کے اور بھائی کے ساتھ مار پیٹ کی۔ اس کے بعد ایک نے ہاتھ پکڑے اور دوسرے نے تیزاب ڈالنے کے بعد آنکھوں کو مسل دیا۔ لڑکی نے شور مچایا تو گاؤں کے لوگ آئے اور اسے اسپتال لے گئے۔


لڑکی کی آنکھوں میں کیمیکل ڈالنے کا معاملہ سامنے آنے کے بعد ضلع اسپتال میں علاج کرا رہی لڑکی کو دیکھنے کلکٹر سنجے مشرا اور پولیس سپرنٹنڈنٹ دھرم راج مینا پہنچے اور مدد کے ساتھ ملزمین پر سخت کارروائی کا بھروسہ دلایا۔ اس واقعہ پر سابق وزیر اعلیٰ کمل ناتھ نے حملہ بولا ہے۔ انھوں نے ٹوئٹ کر کہا کہ اب پنّا ضلع کے پوئی تھانہ حلقہ کے گاؤں براہو میں ایک لڑکی پر ایسڈ اٹیک کا معاملہ سامنے آیا ہے، جس کی وجہ سے لڑکی کی دونوں آنکھیں جھلس گئی ہیں۔ لڑکی اور اس کے بھائی کے ساتھ مار پیٹ اور چھیڑخانی کا معاملہ بھی سامنے آیا ہے۔ یہ حادثہ ریاست کو ملک بھر میں شرمسار اور داغدار کرنے والا ہے۔ ریاست میں بگڑتے قانون نظام کے سبب جرائم پیشے بے خوف ہو کر جرائم کے واقعات انجام دے رہے ہیں۔

کمل ناتھ نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ لڑکی کی آنکھوں کا بہتر سے بہتر علاج حکومت اپنے خرچ پر کروائے۔ لڑکی کے بارے میں پتہ چلا ہے کہ وہ ایک چھوٹی سی دکان چلا کر اپنا پیٹ پالتی تھی، اس کی پرورش کا انتظام بھی حکومت بہتر انداز میں کرے اور اس کی ہر ممکن مدد کرے۔ قصورواروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ بھی کمل ناتھ نے کیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔