طبی اہلکاروں کی چھٹیوں پر اومیکرون کا اثر، ایمس میں آئندہ حکم تک سبھی چھٹیاں رد

ایمس اور صفدر جنگ میں کئی ڈاکٹرس اور دیگر طبی اہلکار بھی کورونا کی زد میں ہیں، ایسے میں اسپتال اپنی پوری قوت کے ساتھ کام کرنا چاہتا ہے۔

ایمس، تصویر یو این آئی
ایمس، تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

ہندوستان میں لگاتار بڑھ رہے کورونا کیسز کے درمیان دہلی کے ایمس میں سبھی ڈاکٹروں کی چھٹیاں فوری اثر سے رد کر دی گئی ہیں۔ ڈاکٹروں کو کام پر واپس لوٹنے کا حکم جاری کر دیا گیا ہے۔ اسپتال انتظامیہ نے ایک حکم جاری کر آئندہ حکم تک ڈاکٹرس کی چھٹیوں پر روک لگا دی ہے۔ اومیکرون کے بڑھتے معاملوں کے مدنظر یہ فیصلہ لیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ایمس اور صفدر جنگ میں کئی ڈاکٹرس اور دیگر طبی اہلکار بھی کورونا کی زد میں ہیں۔ ایسے میں اسپتال اپنی پوری قوت کے ساتھ کام کرنا چاہتا ہے۔

واضح رہے کہ ہندوستان میں کورونا وائرس کا قہر تیزی کے ساتھ بڑھ رہا ہے۔ متاثرین کی تعداد ایک بار پھر تیزی کے ساتھ بڑھنے لگی ہے۔ مرکزی وزارت صحت کی جانب سے جاری تازہ اعداد و شمار کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹے میں کورونا وائرس کے 37379 نئے معاملے سامنے آئے ہیں اور 124 لوگوں کی موت ہو گئی ہے۔ اسی دوران 11007 لوگ صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔


ہندوستان میں اومیکرون متاثرین کی تعداد بھی تیزی سے بڑھ رہی ہے۔ وزارت صحت کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق ہندوستان میں اومیکرون کے معاملے بڑھ کر 1892 ہو گئے ہیں۔ مہاراشٹر اور دہلی میں اومیکرون کے سب سے زیادہ 568 اور 382 معاملے ہیں۔ اومیکرون کے 1892 مریضوں میں سے 766 مریض شفایاب ہوئے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔