آن لائن طریقہ سے ’سلفاس‘ خرید کر کی خودکشی، ’فلپ کارٹ‘ کے ڈائریکٹر پر مقدمہ

غازی آباد پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور جو بھی حقائق سامنے آئیں گے اس کی بنیاد پر کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

تصویر ٹوئٹر
تصویر ٹوئٹر
user

قومی آوازبیورو

غازی آباد: دہلی سے ملحقہ غازی آباد میں عدالت کے حکم پر پولیس نے فلپ کارٹ کے ڈائریکٹر اور ایریا منیجر کے خلاف غیر ارادتاً قتل کا مقدمہ درج کیا ہے۔ الزام ہے کہ عرضی گزار کے بھائی نے ای کامرس کی ویب سائٹ ’فلپ کارٹ‘ سے سلفاس خریدا تھا اور اسے کھاکر اپنی جان دے دی۔

مسوری کے رہائشی محمد شاہد کی طرف سے عدالت میں پیش کی گئی عرضی کے مطابق ان کا بڑا بھائی عبد الواحد کیب چلاتا تھا۔ وہ گزشتہ لاک ڈاؤن کے بعد سے معاشی بحران سے دو چار تھا اور 10 ستمبر کو اس نے فلپ کارٹ سے آن لائن آرڈر کر کے 199 روپے میں سلفاس خریدا تھا۔


شکایت کے مطابق عبد الواحد نے 18 ستمبر کو سلفاس کی ڈلیوری حاصل کی اور 24 ستمبر کو اس کا استعمال کر کے خودکشی کر لی۔ عرضی گزار نے عدالت سے درخواست کی کہ کمپنی کے خلاف غیر ارادتاً قتل کا مقدمہ درج ہونا چاہئے۔

عرضی موصول ہونے کے بعد عدالت نے غازی آباد پولیس کو ہدایت دی کہ معاملہ کے سلسلہ میں مقدمہ درج کر کے تفتیش کی جائے۔ غازی آباد پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور جو بھی حقائق سامنے آئیں گے اس کی بنیاد پر کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔