انکیتا بھنڈاری کے ملزمین کی پیروی کرنے سے وکیلوں کا انکار، ضمانت عرضی پر سماعت ملتوی، سی بی آئی جانچ کا مطالبہ تیز

لوگوں نے آج انکیتا بھنڈاری قتل واقعہ کی جانچ سی بی آئی سے کرانے کا مطالبہ کرتے ہوئے عدالتی احاطہ کے باہر زوردار مظاہرہ کیا، مظاہرے کو دیکھتے ہوئے کثیر تعداد میں پولیس فورس کی تعیناتی کی گئی تھی۔

انکیتا بھنڈاری قتل واقعہ کے ملزمین
انکیتا بھنڈاری قتل واقعہ کے ملزمین
user

قومی آوازبیورو

اتراکھنڈ کے رشی کیش کی رہنے والی انکیتا بھنڈاری قتل واقعہ کے ملزمین پلکت آریہ، انکت اور سوربھ بھاسکر کی عدالت میں پیروی کرنے سے کوٹ دوار کے وکلا نے انکار کر دیا ہے۔ کوٹ دوار بار ایسو سی ایشن کے سربراہ اجئے کمار پنت کی صدارت میں ہوئی میٹنگ میں مذمتی قرارداد بھی پاس کیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں کوٹ دوار میں وکلا کے ذریعہ ملزمین کا مقدمہ نہیں لڑنے کے فیصلے کے سبب سبھی ملزمین کی ضمانت عرضی پر سماعت نہیں ہو پائی۔ ملزمین کی عدالتی حراست 6 اکتوبر کو ختم ہو رہی ہے۔

دوسری طرف جیل جانے کے بعد انکیتا کے گنہگاروں کی پہلی تصویر پولیس نے جاری کی ہے۔ ان تصویروں میں ملزمین کے چہرے پر کوئی شکن تک نہیں ہے۔ اس کیس میں کلیدی ملزم پلکت آریہ ہے، جو اب بی جے پی سے معطل لیڈر ونود آریہ کا بیٹا ہے۔ پولیس کی جانچ میں انکشاف ہوا ہے کہ ان سب نے انکیتا بھنڈاری کو سنسان جگہ پر لے جا کر شراب پلائی اور اس کے بعد شراب کے نشے میں اسے مار پیٹ کر نہر میں پھینک دیا۔ وہیں انکیتا کے دوست نے میڈیا کے سامنے آ کر پلکت آریہ اور اس کے دوستوں کا کالا چٹھا کھول کر رکھ دیا۔


اس درمیان انکیتا قتل واقعہ کو لے کر ملزمین کی ضمانت عرضی لگانے والے لاء اتھارٹی کی طرف سے مقرر ریمانڈ ایڈووکیٹ نے اب کیس لڑنے سے منع کر دیا ہے۔ ایڈووکیٹ جتیندر راوت نے کوٹ دوار جیوڈیشیل مجسٹریٹ فرسٹ کلاس بھاؤنا پانڈے کی عدالت میں ضمانت عرضی لگائی تھی۔ اب انھوں نے کہا کہ معاملے کی حساسیت کو دیکھتے ہوئے انھوں نے ملزمین کی ضمانت عرضی کی درخواست واپس لے لی ہے۔

اس معاملے میں بار ایسو سی ایشن کوٹ دوار کے سربراہ اجئے پنت نے کہا کہ اگر انکیتا قتل واقعہ کو لے کر کوئی وکیل باہر سے ملزمین کی پیروی کرنے آتے ہیں، تو بار ایسو سی اس کی پوری مخالفت کرے گی۔ انھوں نے کہا کہ انکیتا ہم سب کی بیٹی تھی اور معاملہ حساس ہونے کے سبب میں خود انکیتا کی طرف سے کورٹ میں پیروی کروں گا۔


اس معاملے میں وکیل جتیندر راوت نے کہا کہ بدھ کو ایس آئی ٹی کی ٹیم نے وننترا ریسورٹ میں کام کرنے والے ملازمین کے قلمبند بیان درج کیے ہیں۔ علاوہ ازیں ملزمین سے پوچھ تاچھ کے لیے ایس آئی ٹی کی طرف سے کوئی درخواست عدالت کو نہیں دی گئی ہے۔ وکلا کے مطابق 302 کے معاملے میں جیوڈیشیل مجسٹریٹ فرسٹ کلاس کی کورٹ ضمانت نہیں دے سکتی ہے۔

دراصل کوٹ دوار پوڑی ضلع میں واقع ہے۔ کوٹ دوار میں جیوڈیشیل مجسٹریٹ کی عدالت ہے۔ آج کوٹ دوار جیوڈیشیل مجسٹریٹ فرسٹ کلاس کورٹ میں 302 میں ضمانت اور پولیس ریمانڈ لینے کی تاریخ طے تھی۔ ضلع لا کیمپ سے مقرر وکیل جتیندر راوت کو انکیتا بھنڈاری کے قتل کے ملزمین پلکت آریہ، انکت اور سوربھ کی طرف سے ضمانت اور پولیس ریمانڈ کے خلاف پیروی کے لیے مقرر کیا گیا تھا۔ اس میں وکیل جتیندر راوت نے جیوڈیشیل مجسٹریٹ بھاؤنا پانڈے کو درخواست دے کر پلکت، انکت اور سوربھ کی پیروی کرنے سے منع کر دیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔