ہندوستان کو ملا نیا ’سی ڈی ایس‘، جنرل بپن راوت کے بعد اب ریٹائرڈ لیفٹیننٹ جنرل انل چوہان کو ملی کمان

نئے چیف آف ڈیفنس اسٹاف کی تقرری کے لیے مرکزی حکومت سروس دے رہے اور سبکدوش دونوں طرح کے فوجی افسران کے نام پر غور کر رہی تھی۔

ریٹائرڈ لیفٹیننٹ جنرل انل چوہان
ریٹائرڈ لیفٹیننٹ جنرل انل چوہان
user

قومی آوازبیورو

مرکزی حکومت نے آج نئے سی ڈی ایس کی تقرری کر دی ہے۔ حکومت نے لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) انل چوہان کو اگلے چیف آف ڈیفنس اسٹاف (سی ڈی ایس) کی شکل میں تقرر کیا ہے۔ وہ حکومت ہند کے فوجی معاملوں کے ڈپارٹمنٹ کے سکریٹری کی شکل میں بھی کام کریں گے۔ وزارت دفاع نے آج اس سلسلے میں جانکاری دی۔ لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) انل چوہان کی گورکھا رائفل سے فوج میں انٹری ہوئی تھی۔ وہ پی او کے میں بالاکوٹ اسٹرائک کی پلاننگ میں بھی شامل تھے اور گزشتہ سال ہی ریٹائر ہوئے ہیں۔ تقریباً 40 سالوں سے زیادہ کے اپنے کیریر میں لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) انل چوہان نے کئی کمانڈ، اسٹاف اور معاون تقرریاں کی ہیں۔ جموں و کشمیر اور شمال مشرقی ہند میں انسداد دہشت گردی مہموں میں انھیں وسیع تجربہ ہے۔

واضح رہے کہ سابق سی ڈی ایس جنرل بپن راوت کے طیارہ حادثہ میں انتقال کے بعد نئے سی ڈی ایس کی تقرری پر غور و خوض ہو رہا تھا۔ آج مرکز نے اس پر مہر لگا دی۔ نئے چیف آف ڈیفنس اسٹاف کی تقرری کے لیے مرکزی حکومت سروس دے رہے اور سبکدوش دونوں طرح کے فوجی افسران کے نام پر غور کر رہی تھی۔ یہ عہدہ گزشتہ سال 8 دسمبر کو ملک کے پہلے سی ڈی ایس جنرل بپن راوت کی موت کے بعد سے ہی خالی تھا۔


2019 میں وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں مرکز میں بی جے پی کی دوبارہ حکومت بننے کے چھ ماہ کے اندر نئے سی ڈی ایس کی تقرری کے فیصلے کو ملک کے اعلیٰ فوجی ڈھانچے میں سب سے بڑا اصلاح بتایا گیا تھا۔ ملک کے تینوں افواج میں ربط قائم کرنے کے لیے پہلے سی ڈی ایس کے طور پر جنرل بپن راوت کو تقرر کیا گیا تھا۔ سی ڈی ایس کی تقرری فوجی معاملوں کے ڈپارٹمنٹ کے سکریٹری کے طور پر ہوتی ہے، جو موجودہ وقت میں ایڈیشنل سکریٹری رینک کے تحت کام کرتا ہے۔ سی ڈی ایس انٹگریٹیڈ ڈیفنس اسٹاف کا سربراہ بھی ہوتا ہے۔ حکومت نے سی ڈی ایس کو دفاعی پروگراموں میں میک اِن انڈیا کا انچارج بھی بنایا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔