’لڑتا ہوں، لڑتا رہوں گا‘، چارہ گھوٹالہ میں سزا سنائے جانے کے بعد لالو کا رد عمل

سی بی آئی کورٹ کے ذریعہ سزا کے اعلان کے بعد لالو یادو نے اپنے آفیشیل فیس بک پیج پر شاعرانہ انداز میں رد عمل ظاہر کیا ہے۔ انھوں نے لکھا ہے کہ وہ جیل جانے سے نہیں ڈرتے ہیں کیونکہ ان کے ساتھ عوام ہے۔

لالو پرساد یادو، تصویر آئی اے این ایس
لالو پرساد یادو، تصویر آئی اے این ایس
user

تنویر

آر جے ڈی چیف لالو پرساد یادو کو آج چارہ گھوٹالے کے پانچویں معاملے میں سی بی آئی کی اسپیشل عدالت نے 5 سال کی جیل اور 60 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنا دی۔ سزا کے اعلان کے بعد لالو پرساد نے سوشل میڈیا پر اپنا رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ’’ساتھ ہے جس کے عوام، اس کے حوصلے کیا توڑے گی سلاخیں!‘‘

سی بی آئی کورٹ کے ذریعہ سزا کے اعلان کے بعد لالو یادو نے اپنے آفیشیل فیس بک پیج پر شاعرانہ انداز میں رد عمل ظاہر کیا ہے۔ انھوں نے لکھا ہے کہ وہ جیل جانے سے نہیں ڈرتے ہیں کیونکہ ان کے ساتھ عوام ہے۔ لالو یادو نے فیس بک پر ہندی میں جو الفاظ لکھے ہیں، اس کا اردو ترجمہ کچھ اس طرح ہے:


ناانصافی نابرابری سے

تاناشاہی ظلمی اقتدار سے

لڑا ہوں لڑتا رہوں گا

ڈال کر آنکھوں میں آنکھیں

سچ جس کی طاقت ہے

ساتھ ہے جس کے عوام

اس کے حوصلے کیا توڑے گی سلاخیں

میں ان سے لڑتا ہوں جو لوگوں کو آپس میں لڑاتے ہیں

وہ ہرا نہیں سکتے اس لیے سازشوں سے پھنساتے ہیں

نہ ڈرا نہ جھکا، سدا لڑا ہوں اور لڑتا ہی رہوں گا

لڑاکوں کی جدوجہد بزدلوں کو نہ سمجھ آئی ہے نہ آئے گی

واضح رہے کہ بہار میں چارہ گھوٹالہ کا معاملہ 1997 میں اس وقت سامنے آیا تھا جب چائباسہ کے اس وقت کے ڈپٹی کمشنر رہے امت کھرے نے مویشی پروری محکمہ کے دفاتر میں چھاپہ ماری کی تھی اور سبھی دستاویزوں کو ضبط کر لیا تھا۔ اس میں سپلائی کے نام پر غیر قانونی نکاسی کے ثبوت ملے تھے۔ اس وقت جھارکھنڈ بہار کا ہی حصہ ہوا کرتا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔