’کسانوں کے قتل کے ملزم ہنوز وزیر برقرار‘، لکھیم پور کھیری واقعہ کی برسی پر کانگریس نے مودی حکومت پر کیا حملہ

کانگریس نے لکھیم پور کھیری میں ایک سال پہلے مارے گئے کسانوں کی برسی مناتے ہوئے مرکزی حکومت پر حملہ کیا اور کہا کہ کسانوں کے قتل معاملہ میں ملزم اب بھی حکومت کی کابینہ میں شامل ہیں۔

جئے رام رمیش، تصویر آئی اے این ایس
جئے رام رمیش، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

کانگریس نے لکھیم پور کھیری میں ایک سال پہلے مارے گئے کسانوں کی برسی مناتے ہوئے مرکزی حکومت پر حملہ کیا اور کہا کہ کسانوں کے قتل میں ملزم اب بھی حکومتی کابینہ میں شامل ہیں۔ وہیں کانگریس نے سنیوکت کسان مورچہ کے مطالبات کو اپنی حمایت دی ہے۔ کانگریس کے سینئر لیڈر جئے رام رمیش نے کہا کہ ’’بھارت جوڑو یاترا کا 26واں دن ہے اور لکھیم پور کھیری قتل معاملہ کی پہلی برسی ہے۔ ایک سال پہلے کئی کسان مارے گئے تھے۔ مودی حکومت کے وزیر کے بیٹے اس میں شامل ہیں۔ آج بھی وہ شخص کابینہ کے رکن ہیں۔ اس سے اور قابل اعتراض بات نہیں ہو سکتی، جو کسان سیاہ قوانین کے خلاف تحریک چلا رہے تھے، انھیں جان بوجھ کر مارا گیا اور ملزم ایک کابینہ رکن ہیں۔‘‘

جئے رام رمیش نے کہا کہ میسور ضلع میں کسان سے متعلق ایشوز اٹھائے جا رہے ہیں، ہم سنیوکت کسان مورچہ کے مطالبات کی پھر سے حمایت کرتے ہیں۔ ایم ایس پی گارنٹی ہونی چاہیے اور کئی دیگر مطالبات بھی تھے۔ مورچہ کو ہم نے ہمیشہ حمایت دی ہے اور دیتے رہیں گے۔ بھارت جوڑو یاترا کا ایک مقصد یہ بھی ہے کہ کسانوں کو معاشی انصاف دینے میں حکومت ناکام رہی ہے، صرف نجی کمپنیوں کو فروغ دے رہی ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ بھارت جوڑو یاترا تمل ناڈو میں 62 کلومیٹر پورا کر چکی ہے، کیرالہ میں 355 کلومیٹر پورا کیا اور اب کرناٹک میں چوتھا دن ہے۔ دن کے آخر تک 66 کلومیٹر پورا کریں گے۔ کرناٹک میں بی جے پی حکومت ہے لیکن عوام نے اُدھر بھی ہمارا استقبال کیا۔ یہ یاترا تاریخی ہے، لوگ اور کارکنان ملنے آتے رہتے ہیں۔


کانگریس لیڈر نے کہا کہ آئندہ 18 دن کرناٹک میں رہیں گے۔ اتنے ہی جوش کے ساتھ ہمیں عوام اپنائے گی، مختلف اضلاع میں، اور جو کہا جا رہا تھا کہ جن ریاستوں میں بی جے پی حکومت ہے اُدھر مشکلات کا سامنا ہوگا، مجھے ایسا بالکل بھی محسوس نہیں ہو رہا۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال 3 اکتوبر کو مشہور لکھیم پور کھیری واقعہ پیش آیا تھا جس کا ایک سال آج مکمل ہو گیا ہے۔ سنیوکت کسان مورچہ کھیری واقعہ کی برسی منا رہی ہے۔ کوڑیا گھاٹ گرودوارے میں منعقد پروگرام میں تمام مقامات کے کسان جمع ہو رہے ہیں۔ بھارتیہ کسان یونین ترجمان اور کسان لیڈر راکیش ٹکیت بھی اس تقریب میں موجود ہیں۔ تکونیا واقعہ میں مارے گئے چار کسانوں اور صحافی کی یاد میں منعقد پروگرام میں ملک کے کئی حصوں سے کسان جمع ہوئے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔