لیفٹیننٹ گورنر انیل بیجل نے سردار پٹیل کووڈ-19 سنٹر کا کیا معائنہ

لیفٹیننٹ گورنر نے کووڈ مرکز میں فراہم کردہ بیڈ، آکسیجن سلنڈر، وینٹی لیٹر اور آئی سی یو کی سہولیات کے بارے میں معلومات حاصل کیں اور وہاں تعینات طبی عملے سے بات چیت کی اور پوری سہولیات کا جائزہ لیا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

نئی دہلی: دہلی میں کورونا وائرس کی وجہ سے بگڑتی ہوئی صورتحال سے نمٹنے کے مقصد سے چھترپور کے بھاٹی مائنز میں تیار کیے گئے دنیا کے سب سے بڑے دس ہزار بستر والے سردار پٹیل کووڈ- 19 کیئر سنٹر کا لیفٹیننٹ گورنر انیل بیجل نے جائزہ لیا۔ یہ سینٹر بھاٹی مائنز کے رادھا سوامی ستسنگ ویاس کمپلکس میں بنایا گیا ہے۔ دہلی کے نائب وزیر اعلی منیش سسودیا کے اس بیان کے بعد کہ جولائی کے آخر تک دارالحکومت میں کورونا سے متاثر ہونے والوں کی تعداد ساڑھے پانچ لاکھ تک پہنچ جائے گی اور علاج کے لئے 80 ہزار بستروں کی ضرورت ہوگی، مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے کمان سنبھالی اور یہ بڑا مرکز قائم کرنے کا فیصلہ کیا۔ امت شاہ پہلے بھی یہاں کا دورہ کرچکے ہیں۔

انیل بیجل آج صبح وہاں جاکر اس کو چلانے والی نوڈل ایجنسی ہند۔ تبتی بارڈر پولیس (آئی ٹی بی پی) کے عہدیداروں سے معلومات حاصل کیں۔ لیفٹیننٹ گورنر نے مرکز میں فراہم کردہ بیڈ، آکسیجن سلنڈر، وینٹیلیٹر اور آئی سی یو کی سہولیات کے بارے میں معلومات حاصل کیں اور وہاں تعینات طبی عملے سے بات چیت کی اور پوری سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کورونا کے سنگین مریضوں پر خصوصی توجہ دینے کا مشورہ دیا اور کہا کہ ضرورت پڑنے پر ایسے مریضوں کو بھی خصوصی طور پر بنائے گئے کووڈ اسپتالوں میں منتقل کیا جائے۔ اس مرکز کی تشکیل پر وزیر داخلہ کا خصوصی طور پر اظہار تشکر کرتے ہوئے انہوں نے ضلع مجسٹریٹ کو ہدایت کی کہ وہ اسے چلانے میں مکمل انتظامی تعاون دیں۔ انیل بیجل نے جنوبی دہلی کارپوریشن کو ہدایت کی کہ مرکز کو صاف ستھرا رکھنے کے لئے کسی قسم کی کوتاہی نہیں ہونی چاہیے۔


انیل بیجل نے سینٹر کی ذمہ داری سنبھالنے والی آئی ٹی بی پی کی تعریف کی اور کہا کہ ان کا کام قابل ستائش ہے۔ انہوں نے ستسنگ مینجمنٹ کا بھی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ امت شاہ کی قیادت میں قائم دنیا کا سب سے بڑا کووڈ سنٹر دہلی میں اس وبا سے نمٹنے میں اہم ثابت ہوگا۔

آئی ٹی بی پی کے ڈائریکٹر جنرل ایس ایس دیشوال نے کہا کہ اس کووڈ- 19 سنٹر کی بخوبی ذمہ داریاں ادا کرنے کے لئے ٹیم کے ڈاکٹر، نرسیں اور دیگر طبی عملہ دن رات مستعدی کے ساتھ تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم کو کورونا وائرس کے انفیکشن کے علاج میں کئی ماہ کا تجربہ ہے۔ اس ٹیم کو ابتدائی طور پر کورونا مریضوں کے لئے بنائے گئے آئسولیشن مراکز میں تعینات کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم نوئیڈا میں اپنے اہلکاروں کے لئے بھی 200 بستروں پر مشتمل ایک سینٹر بہتر طریقے سے چلا رہی ہے۔ دہلی میں ہفتہ کے روز تک کل معاملوں کی تعداد 97200 ہے، جن میں سے 68256 نے کورونا کے خلاف جنگ میں کامیابی حاصل کی ہے جبکہ 3004 وائرس سے متاثر ہوکر اپنی جانیں گنواچکے ہیں۔ ہفتے کے روز دارالحکومت میں 25940 فعال معاملے تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔