آکسیجن ڈیمانڈ کو لے کر کیجریوال کا جھوٹ سامنے آ چکا ہے، اب ایف آئی آر درج ہو: دہلی کانگریس

کانگریس لیڈر آدرش شاستری کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ کیجریوال نے دہلی میں آکسیجن کی کمی کو لے کر جھوٹ بولا اور کووڈ سے متعلق دوائیوں کی کمی پیدا کی جس سے جمع خوروں کو پھلنے پھولنے میں مدد ملی۔

تصویر بذریعہ پریس ریلیز
تصویر بذریعہ پریس ریلیز
user

تنویر

دہلی کانگریس نے آج ایک پریس کانفرنس کر کے آکسیجن ڈیمانڈ کو لے کر وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کے جھوٹ کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ انھوں نے جو غلطی کی ہے اس کے لیے ایف آئی آر درج کی جانی چاہیے اور انھیں اپنے عہدہ سے استعفیٰ بھی دینا چاہیے۔ سینئر کانگریس لیڈر اور دہلی حکومت کے سابق وزیر ڈاکٹر نریندر ناتھ نے اس موقع پر کہا کہ ’’سپریم کورٹ کے ذریعہ تشکیل آکسیجن آڈٹ کمیٹی کی رپورٹ کے بعد یہ ثابت ہو گیا ہے کہ دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے ضرورت سے چار گنا زیادہ آکسیجن کی ڈیمانڈ اس بحران کے وقت کی جب ملک میں آکسیجن کے لیے ہنگامہ برپا تھا۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’کیجریوال نے دہلی کے 183 اسپتالوں کے لیے ضروری 289 ایم ٹی آکسیجن کی جگہ 1140 ایم ٹی آکسیجن کا مطالبہ کیا تھا۔ کمیٹی نے مانا ہے کہ دہلی میں آکسیجن کی زیادہ طلب کے سبب 12 دیگر ریاستوں کی آکسیجن سپلائی پر اثر پڑا اور دہلی سمیت دیگر ریاستوں میں کووڈ وبا کے دوران آکسیجن کی کمی کے سبب سینکڑوں لوگوں کی موت ہوئی۔‘‘

ڈاکٹر نریندر ناتھ آکسیجن کی کمی سے ہوئی اموات کے لیے اروند کیجریوال کو ذمہ دار ٹھہرایا اور کہا کہ کیجریوال کے خلاف قتل اور مجرمانہ لاپروائی کا مقدمہ درج کیا جانا چاہیے اور وہ فوراً اپنے عہدہ سے استعفیٰ دیں۔ انھوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی کووڈ کے سبب اور آکسیجن کی کمی سے ہوئی اموات کی شکایتوں کی جانچ، حکومت کی مجرمانہ لاپروائی کی جانچ ہائی کورٹ کے ریٹائرڈ جج کے ذریعہ کرانے کا مطالبہ کرتی ہے اور آکسیجن کی کمی سے ہوئی اموات پر 5 لاکھ روپے معاوضہ کی رقم ان کے اہل خانہ کو دیے جانے کا مطالبہ بھی کرتی ہے۔


اس موقع پر کانگریس کے سینئر لیڈر آدرش شاستری نے کہا کہ دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کو کووڈ کی پہلی لہر سے سبق لیتے ہوئے اور ممبئی کی کارگزاریوں کو مدنظر رکھتے ہوئے آکسیجن آڈٹ کرانا چاہیے تھا کہ دہلی کے اسپتالوں کو کتنی آکسیجن کی ضرورت تھی۔ انھوں نے کہا کہ ممبئی میں 10 اپریل کو 92 ہزار کووڈ کے سرگرم مریض تھے، اس وقت وہاں صرف 275 ایم ٹی آکسیجن کی ضرورت ہوئی، کیونکہ ممبئی میں دوسری لہر سے قبل آکسیجن ڈیمانڈ کا اندازہ کیا جا چکا تھا۔ اس کے برعکس دہلی میں اتنی بڑی تعداد میں سرگرم مریض کی تعداد کبھی نہیں رہی، پھر بھی بدانتظامی دیکھنے کو ملی۔ آدرش شاستری نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ کیجریوال نے دہلی میں آکسیجن کی کمی کو لے کر جھوٹ بولا اور کووڈ سے متعلق دوائیوں کی کمی پیدا کی جس سے جمع خوروں کو پھلنے پھولنے میں مدد ملی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔