کانگریس کو ساتھ لے کر ہی بن سکتا ہے بی جے پی کے خلاف مضبوط محاذ: شرد پوار

این سی پی سربراہ شرد پوار کا کہنا ہے کہ ’’میٹنگ میں اتحاد کو لے کر کوئی بات چیت نہیں ہوئی تھی، لیکن میں نے یہ ضرور کہا کہ اگر کوئی متبادل طاقت کھڑا کرنا ہے تو کانگریس کو ساتھ لے کر ہی کیا جائے گا۔‘‘

شرد پوار کی فائل تصویر، آئی اے این ایس
شرد پوار کی فائل تصویر، آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

گزشتہ تقریباً 15 دنوں کے اندر این سی پی سربراہ شرد پوار سے پرشانت کشور کی تین ملاقاتوں، اور پھر شرد پوار کی رہائش پر کئی اپوزیشن پارٹی لیڈران کی میٹنگ نے سیاسی گلیاروں میں ہلچل پیدا کر دی ہے، اور ایسی قیاس آرائیاں شروع ہو گئی ہیں کہ بی جے پی کے خلاف آئندہ لوک سبھا انتخابات میں تیسرا محاذ بنانے کی تیاری چل رہی ہے۔ تیسرے محاذ کی بات اس لیے بھی اٹھنے لگیں کہ کانگریس کے کسی لیڈر نے شرد پوار کی رہائش پر ہوئی میٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔ لیکن اب شرد پوار نے اس طرح کی کوششوں سے انکار کرتے ہوئے واضح لفظوں میں کہہ دیا ہے کہ کوئی بھی متبادل محاذ کانگریس کو ساتھ لیے بغیر نہیں بن سکتا۔

شرد پوار کے گھر پر ہوئی میٹنگ کے بعد اس میں شامل لیڈروں نے کہا تھا کہ سینئر لیڈر یشونت سنہا نے پوار کے گھر میٹنگ بلائی تھی اور اس دوران موجودہ سیاسی حالات پر تبادلہ خیال ضرور ہوا، لیکن بی جے پی کے خلاف محاذ تیار کرنے پر کوئی اہم تبادلہ خیال نہیں ہوا۔ اب شرد پوار نے یہ بیان دیا ہے کہ میٹنگ میں اتحاد کو لے کر کوئی بات چیت نہیں ہوئی تھی، لیکن میں نے میٹنگ میں یہ ضرور کہا کہ اگر کوئی متبادل طاقت کھڑا کرنا ہےتو کانگریس کو ساتھ لے کر ہی کیا جائے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔