کیجریوال نے ہریانہ پر لگایا یمنا میں بے تحاشہ پانی چھوڑنے کا الزام، امت شاہ کو خط لکھ کر کی مداخلت کی اپیل

امت شاہ کو لکھے خط میں کیجریوال نے کہا ہے کہ ممکن ہو تو ہتھنی کنڈ بیراج سے محدود مقدار میں پانی چھوڑیں تاکہ دہلی میں یمنا کی آبی سطح مزید نہ بڑھے۔

دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال / تصویر عآپ
دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال / تصویر عآپ
user

قومی آوازبیورو

راجدھانی دہلی میں یمنا ندی کی آبی سطح 1978 کے گزشتہ ریکارڈ کو توڑتے ہوئے 207.55 میٹر تک پہنچ گئی ہے، جس سے دہلی میں یمنا اور آس پاس کے تمام نشیبی علاقوں میں سیلاب کا پانی بھر گیا ہے۔ اس سے ہزاروں لوگوں کو جان بچانے کے لیے نقل مکانی کرنی پڑی ہے۔ اس بارے میں وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے بدھ کے روز مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کو خط لکھ کر مرکز سے مداخلت کی گزارش کی ہے۔

اروند کیجریوال نے اپنے خط میں کہا کہ ہریانہ واقع ہتھنی کنڈ بیراج سے چھوڑے گئے پانی کے سبب یمنا کی آبی سطح لگاتار بڑھ رہی ہے۔ میں آپ سے عاجزی کے ساتھ گزارش کرتا ہوں کہ اگر ممکن ہو تو ہتھنی کنڈ بیراج سے محدود مقدار میں پانی چھوڑیں تاکہ دہلی میں یمنا ندی کی آبی سطح مزید نہ بڑھے۔ خط میں یہ بھی لکھا گیا ہے کہ آنے والے دنوں میں راجدھانی دہلی جی-20 سمیلن کی میزبانی کرنے جا رہی ہے، اور ایسے میں یہاں سیلاب سے پورے ملک کا نام خراب ہوگا۔ اروند کیجریوال نے اپنے خط میں یہ بھی تذکرہ کیا ہے کہ دہلی میں یمنا کی آبی سطح آج (بدھ کی) شب 207.72 میٹر تک پہنچ جائے گی جو کہ فکر انگیز ہے۔


دہلی کے وزیر اعلیٰ نے اس خط سے الگ میڈیا میں کہا ہے کہ دہلی میں گزشتہ دو تین دنوں سے بارش نہیں ہوئی ہے، لیکن ہماچل پردیش اور ہریانہ سے پانی دہلی میں داخل ہو رہا ہے۔ میں نے اس سلسلے میں مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کو خط لکھ کر دہلی میں داخل ہونے والے پانی کی روانی کو کم کرنے کی گزارش کی ہے، تبھی ہم یمنا ندی کی طغیانی کو کم کر سکتے ہیں۔ ساتھ ہی کیجریوال نے عوام سے گزارش کی ہے کہ وہ نشیبی علاقوں میں اپنے گھروں کو خالی کر دیں اور سیلاب آنے کا انتظار نہ کریں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔