کشمیر: آغا سید حسن مسلسل خانہ نظر بند، لوگ مایوس

آغا سید حسن نے کہا کہ مسلسل خانہ نظر بندی سے میری دینی ذمہ داریاں از حد متاثر ہو رہی ہیں جس کی وجہ سے لوگ گوناگوں مشکلات سے دو چار ہو رہے ہیں۔

آغا سید حسن الموسوی الصفوی، تصویر فیس بک
آغا سید حسن الموسوی الصفوی، تصویر فیس بک
user

یو این آئی

سری نگر: جموں و کشمیر انجمن شرعی شیعیان کے صدر آغا سید حسن موسوی گزشتہ قریب دو ہفتوں سے مسلسل خانہ نظر بند ہیں۔ موصوف صدر نے یو این آئی اردو کو فون پر بتایا کہ سینیئر حریت رہنما سید علی گیلانی کے انتقال کے بعد میں مسلسل خانہ نظر بند ہوں۔ انہوں نے کہا کہ مسلسل خانہ نظر بندی سے میری دینی ذمہ داریاں از حد متاثر ہو رہی ہیں جس کی وجہ سے لوگ گوناگوں مشکلات سے دو چار ہو رہے ہیں۔ ادھر لوگوں نے آغا حسن کی خانہ نظر بندی پر اظہار ناراضگی کی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ موصوف صدر کی خانہ نظر بندی سے ہم مجالس حسینی سے ان کے خطابات سے محروم ہو رہے ہیں۔ غلام محمد بٹ نامی ایک شہری نے بتایا کہ آغا صاحب کی خانہ نظر بندی کے باعث ہم ایک بار پھر ان کی مجالس کے خطابات سے محروم ہو رہے ہیں بلکہ ہم ان کی اقتدا میں نماز جمعہ کی ادائیگی سے بھی محروم ہو رہے ہیں۔


غلام محمد بٹ نے کہا کہ آغا حسن اس کے علاوہ لوگوں کو دیگر درپیش دینی و دنیوی مسائل کو بھی حل کیا کرتے ہیں، لیکن ان کی خانہ نظر بندی آڑے آ کر لوگوں کے لئے گوناگوں مشکلات کا باعث بن رہی ہے۔ لوگوں کا مطالبہ ہے موصوف صدر انجمن شرعی شیعیان کی خانہ نظر بندی کو جلد سے جلد ختم کیا جائے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔