کرناٹک حکومت الیکشن کمیشن سے بلدیاتی انتخابات میں ای وی ایم کی جگہ بیلٹ پیپر استعمال کرنے کی کرے گی سفارش

حکومت نے یہ مطالبہ ای وی ایم کے تئیں لوگوں میں عدم اعتماد اور ووٹر لسٹ میں خامیوں کو دیکھتے ہوئے کیا ہے۔ حکومت نے ریاستی الیکشن کمیشن کو ووٹر لسٹ میں ترمیم اور ضروری قانونی بدلاؤ کا بھی حق دیا ہے۔

علامتی بیلٹ پیپر، تصویر آئی اے این یس
i
user

قومی آواز بیورو

ملک بھر میں ’ووٹ چوری‘ اور ’ایس آئی آر‘ کے خلاف اپوزیشن پارٹیوں نے مہم چھیڑ رکھی ہے۔ اس درمیان کرناٹک حکومت نے حال ہی میں ریاستی الیکشن کمیشن (ایس ای سی) کو سبھی مقامی بلدیاتی انتخابات میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) کی جگہ بیلٹ پیپر کے استعمال کی سفارش کرنے کا فیصلہ لیا ہے۔ وزیر برائے قانون و پارلیمان ایچ کے پاٹل نے کہا کہ اس فیصلے سے انتخابات میں لوگوں کا اعتماد برقرار رہے گا۔

کرناٹک حکومت نے یہ فیصلہ ای وی ایم کے تئیں لوگوں میں عدم اعتماد، ووٹر لسٹ میں خامیوں اور ’ووٹ چوری‘ کے الزامات کو دیکھتے ہوئے کیا ہے۔ حکومت نے ریاستی الیکشن کمیشن کو ووٹر لسٹ میں ترمیم کرنے اور ضروری قانونی تبدیلی کرنے کا بھی حق دے دیا ہے۔ حکومت نے کہا ہے کہ اس تبدیلی کے بعد آگے ہونے والے مقامی انتخابات میں شفافیت اور غیر جانبداری بڑھنے کی امید ہے۔


کابینہ میٹنگ کے بعد وزیر برائے قانون و پارلیمان ایچ کے پاٹل نے دعویٰ کیا کہ لوگوں میں ای وی ایم کے تئیں بھروسہ کم ہو رہا ہے۔ ووٹر لسٹ میں خامیوں اور ووٹ چوری کے الزامات کا حوالہ دیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ کابینہ نے ریاستی الیکشن کمیشن کو مقامی بلدیاتی انتخابات کے لیے بیلٹ پیپر تیار کرنے، ووٹر لسٹ میں ترمیم کرنے اور ضرورت پڑنے پر دوبارہ تیار کرنے کا اختیار دینے سے متعلق فیصلہ بھی کیا ہے۔

پاٹل کا کہنا ہے کہ ’’آئندہ 15 دنوں میں سبھی اصول و ضوابط اور ضروری قانونی تبدیلیاں کر دی جائیں گی۔ حکومت نے اپنی سفارشات پیش کر دی ہیں۔‘‘ وہ مزید بتاتے ہیں کہ پہلے اسمبلی انتخابات کے لیے تیار ووٹر لسٹ کا استعمال مقامی بلدیاتی انتخابات کے لیے کیا جاتا تھا۔ ان لسٹس کو پوری طرح سے بدلنے یا ترمیم کرنے، یا ضرورت پڑنے پر دوبارہ تیار کرنے اور معیاری ووٹر لسٹ تیار کرنے کے لیے ہم ریاستی الیکشن کمیشن کو ووٹر لسٹس تیار کرنے کی سفارش کریں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔