کرناٹک: ’تمہارے پاس کامن سنس نہیں؟‘ خاتون دکاندار کو بغیر بندی لگائے دیکھ کر بی جے پی رکن پارلیمنٹ ہوئے چراغ پا

بی جے پی رکن پارلیمنٹ عالمی یومِ خواتین کے موقع پر ایک میلہ میں پہنچے تھے جہاں ایک اسٹال پر رکے اور خاتون دکاندار کی پیشانی پر بندی نہیں دیکھی تو اسے ڈانٹ لگا دی۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر ویڈیو گریب</p></div>

تصویر ویڈیو گریب

user

قومی آوازبیورو

کرناٹک کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی کے ساتھ وائرل ہو رہی ہے جس میں بی جے پی رکن پارلیمنٹ ایس منی سوامی ایک خاتون کو ڈانٹتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔ منی سوامی کرناٹک کے کولار ضلع سے بی جے پی رکن پارلیمنٹ ہیں اور عالمی یومِ خواتین یعنی 8 مارچ کو وہ خاتون دکاندار پر صرف اس لیے ناراض ہو گئے کیونکہ وہ اپنی پیشانی پر بندی نہیں لگائے ہوئی تھی۔ منی سوامی اس خاتون پر برہمی کا اظہار کرتے ہیں اور نازیبا تبصرہ بھی کرتے ہیں۔

دراصل بی جے پی رکن پارلیمنٹ عالمی یومِ خواتین پر ایک نمائش اور میلہ میں شرکت کے لیے گئے تھے۔ میلے میں رکن پارلیمنٹ کپڑوں کے ایک اسٹال پر رکے جہاں خاتون دکاندار نے بندی نہیں لگا رکھی تھی۔ یہ دیکھ کر منی سوامی نے اسے ڈانٹا اور کہا کہ ’’پہلے بندی لگا لو۔ تمہارا شوہر زندہ ہے، ہے نہ؟ تمہارے پاس کامن سنس نہیں ہے۔‘‘


اس پورے واقعہ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی کے ساتھ وائرل ہو رہی ہے۔ کئی لوگوں نے بی جے پی رکن پارلیمنٹ کے اس عمل کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ کانگریس نے بھی اس معاملے میں سخت رد عمل کا اظہار کیا ہے۔ کانگریس رکن پارلیمنٹ کارتی چدمبرم نے اس وائرل ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے اپنے ایک ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ ’’بی جے پی ہندوستان کو ’ہندوتوا ایران‘ میں بدل دے گا۔‘‘ کچھ صارفین بی جے پی رکن پارلیمنٹ پر ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے لکھ رہے ہیں کہ انھیں یہ بتانے کا حق کہاں سے ملا کہ اسے (خاتون کو) بندی لگانی چاہیے یا نہیں۔ ایک ٹوئٹر صارف نے لکھا کہ ’’اچھا، پہلے بندی لگاؤ، پھر بھکت بنو۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */