اداکار ستیش کوشک کی موت: فارم ہاؤس پر ہولی کی پارٹی میں کیا ہوا تھا، پتہ لگا رہی پولیس

دہلی پولیس یہ جاننے کی کوشش کر رہی ہے کہ ستیش کوشک فارم ہاؤس پر کب پہنچے جہاں ان کی طبیعت خراب ہوئی اور وہاں کیا کیا ہوا تھا؟

<div class="paragraphs"><p>ہدایت کار اداکار ستیش کوشک کی فائل تصویر آئی اے این ایس</p></div>

ہدایت کار اداکار ستیش کوشک کی فائل تصویر آئی اے این ایس

user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: مشہور اداکار ستیش کوشک کے انتقال سے فلم انڈسٹری کو صدمہ پہنچا ہے۔ ستیش کوشک نے اپنی موت سے ایک دن پہلے ہولی پارٹی کی تھی۔ رات گئے اچانک ان کی طبیعت خراب ہوگئی، اداکار کو بچانے کی بہت کوششیں کی گئیں لیکن بالی ووڈ ایک بہترین اداکار اور کامیڈین سے ہمیشہ کے لیے محروم ہو گیا۔ دہلی پولیس نے ستیش کوشک کی موت کے معاملے میں تحقیقات شروع کر دی ہے۔

دہلی پولیس یہ جاننے کی کوشش کر رہی ہے کہ ستیش کوشک فارم ہاؤس پر کب پہنچے جہاں ان کی طبیعت خراب ہوئی اور وہاں کیا کیا ہوا تھا؟ جن لوگوں نے ستیش کوشک کو اسپتال پہنچایا تھا، پولیس ان سے بھی رابطے میں ہے۔ ستیش کوشک نے 7 مارچ کو ممبئی میں شبانہ اعظمی کے گھر ہولی پارٹی میں شرکت کی تھی۔ یہاں انہوں نے اپنے قریبی دوستوں کے ساتھ خوب ہولی کھیلی تھی۔ انہوں نے ٹوئٹر پر اس کی تصاویر بھی شیئر کی تھیں۔


اس کے بعد وہ 8 مارچ کو اپنے خاندان کے ساتھ ہولی منانے دہلی پہنچے۔ وہ ہولی کھیلنے بجواسن کے فارم ہاؤس پہنچے تھے۔ رات 11 بجے انہوں نے بے چینی محسوس کی۔ اس کے بعد ان کی طبیعت بگڑ گئی۔ جس کے بعد انہیں فورٹس اسپتال لے جایا گیا۔ ڈاکٹروں نے انہیں بچانے کی بہت کوشش کی لیکن رات گئے ان کی موت ہوگئی۔

بتایا جا رہا ہے کہ اسپتال لے جانے سے پہلے پولیس کو کوئی اطلاع نہیں دی گئی اور اداکار کی موت کے بعد اسپتال کی جانب سے پولیس کو اطلاع دی گئی۔ ایسے میں پولیس تمام زاویوں سے جانچ کر رہی ہے۔ تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش میں کوئی مشکوک چیز نہیں ملی ہے۔


اسپتال ذرائع کے مطابق ستیش کوشک کا پوسٹ مارٹم کیا گیا ہے۔ جسم پر زخم کے نشان نہیں ہیں۔ ابتدائی تحقیقات میں موت کی وجہ دل کا دورہ پڑنے کا انکشاف ہوا ہے۔ پولیس نے دہلی کے ہری نگر کے دین دیال اسپتال میں میڈیکل بورڈ کے ذریعہ ستیش کوشک کا پوسٹ مارٹم کرانے کا فیصلہ کیا تھا۔

وہیں، اے این آئی کے مطابق ستیش کوشک کے مینیجر سنتوش رائے نے کہا ’میں ستیش کوشک کو اسپتال لایا تھا۔ وہ رات 10.30 بجے سوئے تھے۔ انہوں نے مجھے صبح 12.10 پر فون کیا۔ انہیں سانس لینے میں دشواری کی شکایت تھی۔‘‘ خیال رہے کہ ستیش کوشک نے بطور اداکار، ہدایت کار، پروڈیوسر اور اسکرین رائٹر کے طور پر کام کیا لیکن سب سے زیادہ انہیں ایک اداکار کے کردار میں سراہا گیا۔ مزاحیہ کرداروں میں تو وہ لاجواب تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔