کرناٹک: کانگریس نے ریاستی اسمبلی کو ’گئو موتر‘ سے کیا صاف، ڈی کے شیوکمار کا وعدہ ہوا پورا

کانگریس کارکنان کا کہنا ہے کہ وہ وِدھان سودھ کو شُدھ (صاف) کر رہے ہیں کیونکہ بی جے پی کی بدعنوان حکومت کی کارگزاریوں کے سبب یہ آلودہ ہو گیا تھا۔

کرناٹک اسمبلی، تصویر آئی اے این ایس
کرناٹک اسمبلی، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

کرناٹک اسمبلی انتخاب میں زبردست کامیابی کے بعد کانگریس اپنے کیے گئے وعدوں کو پورا کرنے میں پوری طرح سرگرم ہے۔ اس درمیان انتخاب سے قبل ڈی کے شیوکمار کے ذریعہ کیا گیا ایک ایسا وعدہ پورا کیا گیا ہے جس کی طرف کم ہی لوگوں کی توجہ ہے۔ دراصل سدارمیا کے وزیر اعلیٰ کی شکل میں حلف لینے کے بعد کانگریس کارکنان نے ’وِدھان سودھ‘ یعنی ریاستی اسمبلی کو ’گئو موتر‘ سے صاف کیا ہے۔

کانگریس کارکنان کا کہنا ہے کہ وہ وِدھان سودھ کو شُدھ (صاف) کر رہے ہیں کیونکہ بی جے پی کی بدعنوان حکومت کی کارگزاریوں کے سبب یہ آلودہ ہو گیا تھا۔ قابل ذکر ہے کہ 20 مئی کو نائب وزیر اعلیٰ عہدہ کا حلف لینے والے ڈی کے شیوکمار نے رواں سال جنوری میں کہا تھا کہ وِدھان سودھ کو گئو موتر سے ’شُدھ‘ کرنے کا وقت آ گیا ہے۔ انھوں نے اپنے بیان میں واضح لفظوں میں کہا تھا ’’ہم اس کا گنجلا (گئو موتر) سے شدھی کرن کریں گے۔‘‘ شیوکمار نے ساتھ ہی الزام لگایا تھا کہ اسمبلی بی جے پی حکومت کے دوران بدعنوانی سے آلودہ ہو گئی تھی۔


واضح رہے کہ انتخاب سے کچھ دن پہلے 5 مئی کو کرناٹک کانگریس نے ایک ’کرپشن ریٹ کارڈ‘ منظر عام پر لائے تھے۔ اس میں سابقہ بی جے پی حکومت کی طرف سے کیے گئے مختلف گھوٹالوں کی طرف اشارہ کیا گیا تھا۔ یہ کارڈ انگریزی اور کنڑ دونوں زبان میں جاری کیا گیا تھا اور کانگریس نے الزام لگایا تھا کہ برسراقتدار بی جے پی حکومت نے ریاست میں حکومت کے دوران 150000 کروڑ روپے کا لوٹ کیا تھا۔ ’کرپشن ریٹ کارڈ‘ میں کہا گیا تھا کہ وزیر اعلیٰ عہدہ پر 2500 کروڑ روپے اور وزارتی عہدہ پر 500 کروڑ روپے تک خرچ کیے جاتے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔