جھارکھنڈ کے وزیر تعلیم جاگر ناتھ مہتو کا چنئی کے اسپتال میں انتقال، وزیر اعلیٰ سمیت ریاست کے لیڈران نے کی تعزیت

جھارکھنڈ میں ٹائیگر کے نام سے مشہور جاگر ناتھ مہتو جھارکھنڈ کو ریاست کا درجہ دلانے کے لئے چلائی گئی تحریک کے اہم رہنماؤں میں شامل تھے۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر سوشل میڈیا</p></div>

تصویر سوشل میڈیا

user

قومی آوازبیورو

رانچی: جھارکھنڈ کے تعلیم اور انسداد شراب نوشی کے وزیر جاگر ناتھ مہتو کا انتقال ہو گیا۔ انہوں نے جمعرات کے روز چنئی کے اسپتال میں آخری سانس لی۔ وہ گزشتہ کچھ دنوں سے بیمار چل رہے تھے۔ رپورٹ کے مطابق تقریباً ڈیڑھ سال قبل جاگر ناتھ مہتو کی پھیپھڑے کی پیوند کاری انجام دی گئی تھی، اس کے بعد سے وہ صحت مند تھے۔ تاہم 20 دن قبل ان کی طبیعت بگڑ گئی۔ اس کے بعد مہتو کو ایئرلفٹ کر کے چنئی لے جایا گیا اور وہیں کے اسپتال میں ان کا علاج جاری تھا۔ تاہم دوران علاج ان کا انتقال ہو گیا۔

جھارکھنڈ میں ٹائیگر کے نام سے مشہور جاگر ناتھ مہتو جھارکھنڈ کو ریاست کا درجہ دلانے کے لئے چلائی گئی تحریک کے اہم رہنماؤں میں شامل تھے۔ مہتو گریڈیہہ کے ڈومری اسمبلی حلقہ سے لگاتار چار مرتبہ ارکان اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔ ان کے انتقال پر وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین، بی جے پی قانون ساز پارٹی کے لیڈر بابو لال مرانڈی سمیت کئی لیڈران نے گہری تعزیت کا اظہار کیا ہے۔


ریاستی حکومت نے جاگر ناتھ مہتو کے اعزاز میں 6 اور 7 اپریل کو ریاستی سوگ کا اعلان کیا ہے۔ جن عمارتوں پر قومی پرچم باقاعدگی سے لہرایا جاتا ہے وہاں جھنڈے سرنگوں رہیں گے۔ اس کے ساتھ ہی 6 اپریل کو تمام دفاتر بند رکھنے کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔ جمعرات کی شام چار بجے ہونے والا کابینہ کا اجلاس بھی ملتوی کر دیا گیا ہے۔

جاگرناتھ مہتو کی پیدائش 1967 میں ایک کسان خاندان میں ہوئی تھی۔ سیاست میں وہ ایک ایسی شخصیت تھے، جن کا مخالفین بھی احترام کرتے تھے۔ وہ ڈمری اسمبلی حلقہ میں کافی مقبول تھے، یہی وجہ تھی کہ یہاں کے لوگوں نے انہیں مسلسل چوتھی بار منتخب کر کے اسمبلی میں بھیجا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔