جموں و کشمیر: کانگریس نے غلام نبی آزاد کو دی اہم ذمہ داری، رسول وانی بنے صدر

غلام نبی آزاد کو جموں و کشمیر مہم کمیٹی کا سربراہ بنایا گیا ہے اور ان کے قریبی تصور کیے جانے والے وقار رسول وانی کو جموں و کشمیر کانگریس کا نیا صدر مقرر کیا گیا ہے۔

غلا م نبی آزاد، تصویر آئی اے این ایس
غلا م نبی آزاد، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخاب کب کرایا جائے گا، اس سلسلے میں ابھی تک کچھ بھی صاف نہیں ہوا ہے۔ لیکن سبھی پارٹیوں نے خود کو مضبوط بنانے کے لیے سرگرمیاں شروع کر دی ہیں۔ اس ضمن میں کانگریس نے آج کچھ اہم فیصلے کیے جس میں جموں و کشمیر کانگریس صدر کی تقرری بھی شامل ہے۔ سب سے بڑا اعلان کانگریس نے یہ کیا کہ ریاستی یونٹ کی تشکیل نو کرتے ہوئے غلام نبی آزاد کو جموں و کشمیر مہم کمیٹی کا سربراہ بنایا گیا ہے۔ غلام نبی آزادی کے قریبی تصور کیے جانے والے وقار رسول وانی کو جموں و کشمیر کانگریس کا نیا صدر مقرر کیا گیا ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ مرکز کے زیر انتظام اس خطہ میں کانگریس کو مضبوط بنانے کی ذمہ داری غلام نبی آزادی کو سونپی گئی ہے۔

قابل ذکر ہے کہ جموں و کشمیر کانگریس صدر غلام احمد میر نے گزشتہ دنوں استعفیٰ دے دیا تھا جسے پارٹی نے منظور کرتے ہوئے ریاستی یونٹ کی نوتشکیل کا فیصلہ کیا۔ رمن بھلا کو پارٹی کا کارگزار صدر بنایا گیا ہے۔ یہاں غور کرنے والی بات یہ ہے کہ ریاستی انتخابی کمیٹی کی صدارت نئے پردیش کانگریس کمیٹی صدر کریں گے۔


یہ جانکاریاں کانگریس کی طرف سے جاری پریس ریلیز میں دی گئی ہیں۔ پریس ریلیز کے مطابق کانگریس صدر نے جموں و کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی صدر عہدہ سے غلام احمد میر کا استعفیٰ منظور کر لیا ہے۔ پارٹی نے غلام احمد میر کی خدمات کی تعریف بھی کی۔ پریس ریلیز میں طارق احمد کرا کو مہم کمیٹی کا نائب صدر مقرر کیے جانے کی بھی جانکاری دی گئی۔ اس کے علاوہ سیاسی امور کی کمیٹی اور کوآرڈنیشن کمیٹی کا چیف بھی غلام نبی آزادی کو بنایا گیا ہے۔ انتخابی منشور کمیٹی کے سربراہ پروفیسر سیف الدین سوز ہوں گے اور نائب سربراہ وکیل ایم کے بھاردواج کو بنایا گیا ہے۔ علاوہ ازیں ڈسپلنری کمیٹی کا صدر تاج محی الدین اور نائب صدر کے کے پنگوترا کو مقرر کیا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔