’جانچ ایجنسیاں چھوٹی مچھلیوں کے یہاں چھاپہ ماری کر توجہ بھٹکا رہیں، شراب گھوٹالہ کے ماسٹر مائنڈ سسودیا کو بچایا جا رہا‘

چودھری انل کمار نے کہا کہ سچائی سامنے آنے میں تاخیر ہو سکتی ہے، لیکن اس کو شکست نہیں ہو سکتی، اب بی جے پی-عآپ کا بندھن ٹوٹنے میں زیادہ دیر نہیں لگے گی۔

چودھری انل کمار (کانگریس)
چودھری انل کمار (کانگریس)
user

قومی آوازبیورو

دہلی کانگریس صدر چودھری انل کمار نے آج ایک بار پھر شراب گھوٹالہ معاملے پر عآپ حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ انھوں نے آج اپنے بیان میں ای ڈی پر بھی حملہ کیا اور کہا کہ اس نے دہلی، پنجاب، حیدر آباد میں 35 مقامات پر چھاپہ ماری کی لیکن نہ جانے کیوں شراب گھوٹالہ کے ماسٹر مائنڈ منیش سسودیا کے خلاف ثبوت ہونے اور ان کے خلاف ایف آئی آر درج ہونے کے باوجود انھیں گرفتار نہیں کیا گیا؟ یہ بھی سوال کیا کہ کیوں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ چھوٹی چھوٹی مچھلیوں کے یہاں چھاپہ ماری کر توجہ بھٹکانے کی کوشش کر رہی ہے؟ چودھری انل کمار نے یہ تلخ سوال بھی کیا کہ کیا بی جے پی اور عآپ کا شراب گھوٹالے میں گٹھ جوڑ ہو گیا ہے، جو ای ڈی منیش سسودیا پر ہاتھ نہیں ڈال رہی، حالانکہ کیجریوال لگاتار مرکزی حکومت اور جانچ ایجنسیوں کے خلاف زہر افشانی کر رہے ہیں؟

چودھری انل کمار نے کہا کہ سچائی سامنے آنے میں تاخیر ہو سکتی ہے، لیکن اس کو شکست نہیں ہو سکتی۔ اب بی جے پی-عآپ کا بندھن ٹوٹنے میں زیادہ دیر نہیں لگے گی۔ ستیندر جین، وجئے نایر کے بعد سسودیا جلد ہی جیل میں ہوں گے۔ انھوں نے مزید کہا کہ چنڈی گڑھ کے راز سے کچھ اور مضبوط رشتے کھلیں گے۔ کیجریوال نے شراب پالیسی کو واپس لے کر پرانی پالیسی کو نافذ کر کے راجدھانی میں دکانیں کھول دیں، لیکن جس کے کنٹرول میں شراب گھوٹالے کو انجام دیا گیا، وہ محب وطن اور کٹر ایماندار کی طرح کھلے عام دوسری ریاستوں میں انتخابی اجلاس کر رہے ہیں، یہ بی جے پی-عآپ کے موجودہ سیاسی رشتوں کے سبب ہی ممکنہ ہو رہا ہے۔


چودھری انل کمار کا کہنا ہے کہ جس شراب گھوٹالے کی جانچ کا حکم لیفٹیننٹ گورنر وی کے سکسینہ نے ماہرین کمیٹی کی رپورٹ کی بنیاد پر دی، اس کا انکشاف ریاستی کانگریس نے پولیس اور لیفٹیننٹ گورنر کے سامنے پختہ دستاویزات کے ساتھ کیا تھا۔ پارٹی نے کیجریوال حکومت کے وزیر برائے آبکاری منیش سسودیا کے خلاف شکایت درج کرائی تھی۔ دہلی حکومت کی آبکاری پالیسی 22-2021 کے تحت نجی بولی لگانے والوں کو راجدھانی کو 32 زون میں تقسیم کر کے 849 ٹھیکوں کے لیے لائسنس جاری کرنے میں زبردست بدعنوانی کی تھی۔ چودھری انل کمار نے مطالبہ کیا کہ سی بی آئی فوری اثر سے منیش سسودیا کو گرفتار کرے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔