’مہنگائی مَین مودی کا قہر جاری‘، شرح مہنگائی میں اضافہ کے بعد کانگریس کا مودی حکومت پر حملہ

خوردنی اشیا کی اونچی قیمتوں کے سبب گھریلو بجٹ بڑھنے سے دسمبر 2023 میں خوردہ مہنگائی کی شرح بڑھ کر 5.69 فیصد ہو گئی ہے جو گزشتہ سال نومبر میں 5.55 فیصد تھی۔

مہنگائی کی مار
مہنگائی کی مار
user

قومی آوازبیورو

جمعہ کے روز دسمبر 2023 میں خوردہ شرح مہنگائی سے متعلق ڈاٹا جاری کر دیا گیا۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق دسمبر ماہ میں خوردہ شرح مہنگائی بڑھ کر چار ماہ کی اعلیٰ سطح 5.69 فیصد پر پہنچ گئی ہے۔ اس خبر کے سامنے آنے کے بعد کانگریس نے وزیر اعظم نریندر مودی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے اور انھیں ’مہنگائی مَین مودی‘ قرار دیا ہے۔

کانگریس نے اس سلسلے میں آج سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ کیا ہے جس میں لکھا ہے کہ ’’مہنگائی مَین مودی کا قہر جاری ہے۔ خوردہ شرح مہنگائی نے گزشتہ 4 ماہ کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔ اب شرح مہنگائی 5.7 فیصد پر پہنچ گئی۔ وہیں خوردنی اشیا کی شرح مہنگائی 9.5 فیصد پہنچ گئی ہے۔ مہنگائی کو کنٹرول کرنے میں پی ایم مودی پوری طرح سے ناکام ثابت ہوئے ہیں۔‘‘


واضح رہے کہ خوردہ شرح مہنگائی سے متعلق جاری ڈاٹا میں بتایا گیا ہے کہ یہ چار ماہ کی اعلیٰ سطح 5.69 فیصد پر پہنچ گئی ہے جو کہ نومبر میں 5.55 فیصد پر تھی۔ حالانکہ صنعتی پروڈکشن نومبر میں 2.4 فیصد بڑھا ہے۔ حکومت کے اعداد و شمار کے مطابق ایک سال پہلے اسی ماہ میں اس میں 7.6 فیصد کا اضافہ درج کیا گیا تھا۔ قابل ذکر ہے کہ خوردہ شرح مہنگائی دسمبر ماہ میں بھی آر بی آئی کے 2 سے 6 فیصد کے ٹولرنس بینڈ کے اندر بنا ہوا ہے۔

بہرحال، حکومت کی طرف سے جاری اعداد و شمار کے مطابق سلسلہ وار بنیاد پر مہنگائی میں صفر سے 0.32 فیصد نیچے گراوٹ درج کی گئی ہے۔ دسمبر میں خوردنی اشیا کی شرح مہنگائی 9.53 فیصد رہی۔ دیہی اور شہری علاقوں میں مہنگائی کی شرح معمولی سبقت کے ساتھ بالترتیب 5.93 فیصد اور 5.46 فیصد رہی۔ ایک سال قبل اسی ماہ میں یہ 5.85 فیصد اور 5.26 فیصد تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔