انڈین ایئر فورس: اگنی ویر وایو کے لیے نوٹیفکیشن جاری، 17 مارچ سے شروع ہوگا رجسٹریشن کا عمل

اگنی ویر وایو کے لیے درخواست دینے کی کچھ خاص شرطیں ہیں، اس کے لیے صرف وہی لوگ درخواست کر سکتے ہیں جن کی عمر 17.5 سال سے 21 سال کے درمیان ہے۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر بشکریہ&nbsp;indianairforce.nic.in</p></div>

تصویر بشکریہindianairforce.nic.in

user

قومی آوازبیورو

انڈین ایئر فورس (آئی اے ایف) میں خدمات انجام دینے کا خواب دیکھنے والوں کے لیے بڑی خبر سامنے آ رہی ہے۔ انڈین ایئر فورس نے ’اگنی ویر وایو‘ کے عہدوں کو بھرنے کے لیے نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں آئی اے ایف کی طرف سے جو نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے اس کے مطابق امیدوار آفیشیل ویب سائٹ agnipathvayu.cdac.in پر جا کر درخواست دے سکتے ہیں۔

نوٹیفکیشن کے مطابق فضائیہ میں اگنی ویر وایو کے طور پر تقرری کے لیے رجسٹریشن کا عمل 17 مارچ 2023 سے شروع ہوگا اور اس کے لیے آخری تاریخ 31 مارچ 2023 مقرر ہے۔ امتحان کی فیس بھر کر ایپلی کیشن فارم جمع کرنے کی آخری تاریخ بھی 31 مارچ ہے۔ نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ فضائیہ میں سروس کے لیے ہونے والا تحریری امتحان 20 مئی 2023 کو ہوگا۔ تحریری امتحان کے لیے ایڈمٹ کارڈ امتحان سے کچھ دن پہلے جاری کیا جائے گا۔


واضح رہے کہ اگنی ویر وایو کے لیے درخواست دینے کی کچھ خاص اہلیتیں ہیں۔ اس کے لیے صرف وہی لوگ درخواست کر سکتے ہیں جن کی عمر 17.5 سال سے 21 سال کے درمیان ہے۔ اگر لمبائی کی بات کریں تو یہ کم از کم 152.5 سنٹی میٹر ہونی چاہیے۔ اس کے علاوہ ان کا سینہ کم از کم 5 سنٹی میٹر تک پھیلنا بھی چاہیے۔ جنرل، او بی سی اور ای ڈبلیو ایس امیدواروں کے لیے درخواست فیس 250 روپے ہے۔ ایس سی اور ایس ٹی امیدواروں کے لیے بھی اتنی ہی فیس طے کی گئی ہے۔

جہاں تک اگنی ویر وایو کے لیے تعلیمی صلاحیت کی بات ہے، تو سائنس سبجیکٹ کے امیدوار ریاضی، فیزکس اور انگلش کے ساتھ بارہویں پاس ہونے پر ہی اگنی ویر وایو کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔ بارہویں میں انھیں کم از کم 50 فیصد نمبر حاصل ہونا چاہیے۔ علاوہ ازیں سبھی سبجیکٹ ملا کر مجموعی طور پر بھی کم از کم 50 فیصد نمبر ہونا چاہیے۔ جنھوں نے سائنس سبجیکٹ سے پڑھائی نہیں کی ہے، انھیں کسی منظور شدہ بورڈ سے انگریزی میں 50 فیصد نمبر اور مجموعی طور پر بھی 50 فیصد نمبر کے ساتھ بارہویں ضرور پاس ہونا چاہیے۔ جن نوجوانوں نے کسی سرکاری منظور شدہ پالی ٹیکنک انسٹی ٹیوٹ سے میکانیکل، الیکٹریکل، الیکٹرانکس، آٹو موبائل، کمپیوٹر سائنس، انٹرومنٹیشن ٹیکنالوجی یا انفارمیشن ٹیکنالوجی میں تین سال کا ڈپلومہ انجینئرنگ کیا ہے، وہ بھی اس ملازمت کے لیے ایپلائی کر سکتے ہیں۔ دو سالہ ووکیشنل کورس کرنے والے بھی درخواست دے سکتے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔