تمل ناڈو میں بزرگوں اور دیگر بیماریوں میں مبتلا افراد کو ماسک پہننے کی ہدایت

محکمہ صحت عامہ نے معمر افراد اور بیماروں کی حفاظت کے پیش نظر یہ حکم جار کیا ہے۔ ان لوگوں کو ماسک لگانے کے علاوہ ہجوم والی جگہوں سے گریز کرنے کی بھی ہدایت دی گئی ہے۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر آٗئی اے این ایس</p></div>

تصویر آٗئی اے این ایس

user

قومی آوازبیورو

چنئی: تمل ناڈو میں کورونا وائرس کے معاملوں میں اضافہ کے پیش نظر بزرگوں اور بیماریوں میں مبتلا افراد کو ماسک لگانے کی ہدایت دی گئی ہے۔ خیال رہے کہ ریاست میں کووِڈ کا پھیلاؤ خوفناک نہیں ہے لیکن پھر بھی محکمہ صحت عامہ نے معمر افراد اور بیماروں کی حفاظت کے پیش نظر یہ حکم جار کیا ہے۔ ان لوگوں کو ماسک لگانے کے علاوہ ہجوم والی جگہوں سے گریز کرنے کی بھی ہدایت دی گئی ہے۔

میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے تمل ناڈو کے پبلک ہیلتھ سروسز کے ڈائریکٹر ٹی ایس سیلواوینیاگم نے کہا ’’ہم بزرگ افراد اور بیماریوں میں مبتلا افراد کو صلاح دیتے ہیں کہ وہ بند مقامات سے دور رہیں اور ماسک پہنیں اور جب وہ باہر ہوں تو سماجی دوری برقرار رکھیں۔‘‘


گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران تمل ناڈو میں 493 نئے کیسز درج ہوئے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی ریاست میں فعال کیسوں کی کل تعداد 2876 ہو گئی ہے۔ رپورٹ کردہ فعال کورونا کیسز میں سے 137 کو اسپتالوں میں داخل کیا گیا، دو انتہائی نگہداشت کے یونٹس (آئی سی یو) میں ہیں، جبکہ 51 کو آکسیجن تھراپی دی گئی۔

ریاست میں روزانہ ٹیسٹ مثبتیت کی شرح (ٹی پی آر) 8.6 ہے۔ چنگلپٹو اور کنیا کماری میں بالترتیب 12 اور 11 ٹی پی آر ریکارڈ کیے گئے، جبکہ چنئی میں 10 کیس رپورٹ ہوئے۔ رامناتھ پورم، کالکوریچی، تینکاسی اور ولوپورم کو چھوڑ کر تمل ناڈو میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران دیگر تمام اضلاع میں کووڈ کے نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔


تمل ناڈو کے محکمہ صحت نے کہا ہے کہ گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ ریاست میں لوگوں کا کوئی ایسا گروپ نہیں ہے جس میں کورونا تیزی سے پھیل رہا ہو، جیسا کہ کورونا کے پہلے تین مراحل کے دوران دیکھا گیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔