تمل ناڈو میں خود کو ای ڈی کا افسر بتاکر 1.69 کروڑ روپئے لوٹنے والے 5 گرفتار

ملزمین نے سرمایہ کاری کا لالچ دے کر پہلے رقم کی تصویر منگوائی اور پھر خود ہی ای ڈی افسر بن کر پیسوں کے ساتھ 2 لگژری کاریں اور کچھ مہنگے فون چھین لیے

<div class="paragraphs"><p>علامتی تصویر/&nbsp; آئی اے این ایس</p></div>

علامتی تصویر/ آئی اے این ایس

user

آئی اے این ایس

 چنئی: خود کو انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کا افسر بتا کر ایک تاجر کے دفتر پر فرضی چھاپہ مارنے اور 1.69 کروڑ روپے لوٹنے کے الزام میں پولیس نے پانچ لوگوں کو گرفتار کیا ہے۔ ملزمین نے شکایت کنندگان سے نہ صرف روپئے لوٹے بلکہ دو لگژری کار اور کچھ مہنگے موبائل فون بھی چھین لیے۔

ملزمین کی شناخت وجے کارتک (37)، نریندر ناتھ (45)، راج شیکھر (39)، لوگناتھن (41) اور گوپی ناتھ (46) کے طور پر کی گئی ہے۔ پولیس نے انہیں تیروپور میں کاٹن کے دھاگوں کے تاجر انگوراج اور اس کے ساتھی دورائی کی شکایت کے بعد گرفتار کیا ہے۔ ان دونوں نے پولیس سے شکایت کی تھی کہ کچھ لوگوں نے خود کو ای ڈی کا افسر بتا کر انہیں لوٹ لیا ہے۔


شکایت کنندگان کے مطابق انہیں حیدرآباد کی ایک پرائیویٹ کمپنی سے کال موصول ہوئی، جس میں دعویٰ کیا گیا کہ وہ کوئمبٹور، تیروپور اور ایروڈ میں ایک تعمیراتی پروجیکٹ کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔ کال کرنے والوں نے ان سے سرمایہ کاری کرنے کی درخواست کی اور انہیں یقین دلایا کہ انہیں مختصر مدت میں دگنی رقم ادا کر دی جائے گی۔ یہ دونوں کال کرنے والوں پر یقین کرتے ہوئے 1.69 کروڑ روپے کا انتظام کرنے میں لگ گئے۔ اس کے بعد فون کرنے والوں نے ان سے رقم کی تصویر مانگی، جسے انہوں نے فوراً بھیج دیا۔

کچھ دیر بعد پانچ لوگوں کا ایک گروپ ای ڈی افسر ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے انگوراج کے دفتر پہنچا۔ انگوراج اور دورائی نے پولیس میں درج کرائی اپنی شکایت میں کہا کہ پانچوں نے ان سے نقدی چھین لی اور دو لگژری کاریں اور موبائل فون بھی لے لیے۔ اس کے بعد وہ سی سی ٹی وی کیمرے کی فوٹیج بھی اپنے ساتھ لے گئے۔ سی سی ٹی وی فوٹیج نکالے جانے کے بعد انہیں شک ہوا اور انہوں نے تیروپور سٹی پولیس میں شکایت درج کرائی۔ پولیس نے فوری طور پر چار خصوصی ٹیمیں تشکیل دیں جنہوں نے ملزمان کا سراغ لگا کر انہیں گرفتار کر لیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔