’بی جے پی کو عوام جواب دے گی‘، میئر الیکشن تنازعہ پر سپریم کورٹ کے تبصرہ کا حوالہ دیتے ہوئے پرینکا گاندھی کا حملہ

پرینکا گاندھی نے کہا کہ ’’بی جے پی عوام کی آواز دبانے کے لیے جمہوریت کو کچل رہی ہے، یہ اب ملک کی عوام کے سامنے ہے، عوام ہی اس کا مناسب جواب دے گی۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>پرینکا گاندھی / آئی اے این ایس</p></div>

پرینکا گاندھی / آئی اے این ایس

user

قومی آوازبیورو

چنڈی گڑھ میئر الیکشن کا معاملہ جب سپریم کورٹ میں پہنچا تو چیف جسٹس کی صدارت والی بنچ نے کچھ تلخ تبصرے کیے۔ اس معاملے میں افسران کو نوٹس جاری کیا اور ساتھ ہی بیلٹ پیپر کے ساتھ ساتھ انتخابی کارروائی کی ویڈیو اور دیگر مواد محفوظ رکھنے کا حکم بھی سنا دیا۔ عدالت عظمیٰ کے تلخ تبصرے پر کانگریس لیڈر پرینکا گاندھی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر اپنا رد عمل ظاہر کیا ہے۔ اس میں انھوں نے بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے اور الزام عائد کیا ہے کہ وہ جمہوریت کا قتل کر رہی ہے۔

اپنے سوشل میڈیا پوسٹ میں پرینکا گاندھی نے پہلے سپریم کورٹ کی بنچ کا وہ تبصرہ پیش کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ’’چنڈی گڑھ میں جو کچھ ہوا، وہ جمہوریت کا مذاق ہے... ہم حیران ہیں۔ ہم اس طرح جمہوریت کا قتل نہیں ہونے دیں گے۔ بیلٹ پیپر کو متاثر کرنے والے افسر پر مقدمہ چلایا جانا چاہیے۔‘‘ پھر پرینکا لکھتی ہیں کہ ’’یہ تبصرہ ظاہر کرتا ہے کہ چنڈی گڑھ میئر الیکشن میں کس طرح جمہوریت کا قتل کیا گیا۔ بی جے پی عوام کی آواز دبانے کے لیے جمہوریت کو کچل رہی ہے، یہ اب ملک کی عوام کے سامنے ہے۔ عوام ہی اس کا مناسب جواب دے گی۔‘‘


اس معاملے میں کانگریس لیڈر اور سابق مرکزی وزیر پون بنسل کا بھی رد عمل سامنے آیا ہے۔ انھوں نے میئر لیکشن پر سپریم کورٹ کی آج کی سماعت کو سچائی کی جیت قرار دیا ہے۔ وہ کہتے ہیں کہ ’’جب ہم نے ایسے الزام لگائے تھے تو بی جے پی خود کے پاک صاف ہونے کا دعویٰ کر رہی تھی۔ لیکن اب بی جے پی کی ایمانداری کہاں چلی گئی؟ بی جے پی نے جمہوری اقدار کو کمزور کرتے ہوئے میئر الیکشن جیتنے کی سازش تیار کی تھی۔‘‘ پون بنسل نے یہ بھی کہا کہ اس پورے معاملے کا انکشاف سب سے پہلے عوام کی عدالت میں ہوا تھا، اور اب عدالت میں بھی ہو گیا۔ بی جے پی کو اپنے عمل کے لیے پورے ملک سے معافی مانگنی چاہیے۔

اس درمیان چنڈی گڑھ میئر الیکشن کے پریزائڈنگ افسر انل مسیح کی ایک نئی ویڈیو سوشل میڈیا پر آج تیزی کے ساتھ وائرل ہو رہی ہے۔ اس ویڈیو میں وہ بیلٹ پیپر کو کراس سائن کرتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔ کئی سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے اس ویڈیو کو شیئر کیا جا رہا ہے اور بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ کانگریس اور عآپ کا دعویٰ ہے کہ انڈیا اتحاد کے میئر امیدوار کے حق میں ڈالے گئے ووٹ کو اسی طرح سے کراس کر کے رد کیا گیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔