مہاراشٹر میں سبھی کورونا پابندیاں ختم، لوکل ٹرین میں ماسک لازمی نہیں!

تہواروں سے قبل مہاراشٹر حکومت کی طرف سے دی گئی راحت سے لوگوں کے درمیان خوشی کا ماحول ہے۔ ’گڑی پڑوا‘ اس بار 2 اوپریل کو پڑ رہا ہے اور اسی دن سے پابندیوں میں راحت بھی دی جانے لگے گی۔

تصویر قومی آواز/ ویپن
تصویر قومی آواز/ ویپن
user

قومی آوازبیورو

ہندوستان میں کورونا کے معاملے دھیرے دھیرے کم ہو رہے ہیں۔ اس کے پیش نظر مہاراشٹر کی ادھو حکومت نے ریاست میں نافذ سبھی کورونا پابندیوں کو ہٹانے کا فیصلہ کیا ہے۔ مہاراشٹر میں جمعرات کو ہوئی کابینہ کی میٹنگ میں اس پر مہر لگا دی گئی۔ وزیر صحت راجیش ٹوپے نے اس کی جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ 2 اپریل سے ریاست میں لوکل ٹرینوں میں فیس ماسک پہننا بھی عوام کی مرضی پر ہوگا۔ یعنی اب یہ عوام پر منحصر ہوگا کہ وہ لوکل ٹرین میں سفر کرتے وقت ماسک پہننا چاہتی ہے یا نہیں۔ انھوں نے مزید بتایا کہ وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے کی صدارت میں ہوئی میٹنگ میں یہ فیصلہ لیا گیا۔ ٹوپے نے کہا کہ مراٹھی نئے سال ’گڑی پڑوا‘ سے وبائی امراض ایکٹ اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایکٹ کے تحت سبھی کووڈ-19 سے متعلق پابندیاں واپس لے لی جائیں گی۔ مہاراشٹر میں دو سال سے زیادہ وقت سے لازمی طور سے ماسک پہننے سمیت وبا سے متعلق سبھی پابندیاں نافذ ہیں۔

تہواروں سے قبل ریاستی حکومت کی طرف سے دی گئی راحت سے لوگوں کے درمیان خوشی کا ماحول ہے۔ ’گڑی پڑوا‘ اس بار 2 اوپریل کو پڑ رہا ہے اور اسی دن سے پابندیوں میں راحت بھی دی جانے لگے گی۔ اسی کے پیش نظر ماسک کی لازمیت ختم کرنے سے متعلق بھی اعلان کیا گیا۔ اس طرح مہاراشٹر ماسک کی لازمیت ختم کرنے والی پہلی ریاست بن گئی ہے۔


مہاراشٹر کے وزیر جتیندر اوہاڈ نے بھی اس تعلق سے ٹوئٹ کر جانکاری دی ہے۔ انھوں نے ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ ریاستی کابینہ نے ریاست مین سبھی موجودہ کووڈ-19 پابندیوں کو ہٹانے کا فیصلہ لیا ہے۔ اب ریاست میں سبھی تہوار دھوم دھام سے منائے جا سکتے ہیں۔ لیکن ماسک پہننا لازمی ہوگا۔ یہ فیصلہ 2 اپریل سے نافذ ہو جائے گا۔ واضح رہے کہ وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے نے اپنی ریڑھ کی سرجری کے بعد پہلی بار نجی طور سے ریاستی کابینہ کی میٹنگ میں حصہ لیا۔ انھوں نے نومبر 2021 میں اپنی ریڑھ کی ہڈی کی سرجری کرائی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔