مرکزی جانچ ایجنسیوں کا بیجا استعمال کر رہی بی جے پی، سپریم کورٹ و ہائی کورٹ نوٹس لے: کانگریس

مہاراشٹر کانگریس نے سپریم کورٹ اور بامبے ہائی کورٹ سے اپیل کی ہے کہ وہ بی جے پی کے ذریعہ مرکزی جانچ ایجنسیوں کے بیجا استعمال پر روک لگانے کے لیے از خود نوٹس لے۔

نانا پٹولے، تصویر یو این آئی
i

مہاراشٹر کانگریس نے سپریم کورٹ اور بامبے ہائی کورٹ سے اپیل کی ہے کہ وہ بی جے پی کے ذریعہ مرکزی جانچ ایجنسیوں کے بیجا استعمال پر روک لگانے کے لیے از خود نوٹس لے۔ کانگریس کے ریاستی صدر نانا پٹولے نے کہا کہ بی جے پی اور مرکزی حکومت کے خلاف اٹھنے والی آوازوں کو ختم کرنے کے لیے مرکزی جانچ ایجنسیوں کا سہارا لیا جا رہا ہے۔ ایسے میں عدالت کو مداخلت کر کے ملک کے جمہوری نظام کی حفاظت کرنی چاہیے۔

فون ٹیپنگ معاملے میں آئی پی ایس افسر رشمی شکلا کے خلاف پٹولے کے ذریعہ داخل 500 کروڑ روپے کے ہتک عزتی معاملے کی پیروی کر رہے وکیل ستیش اوئکے پر انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کی چھاپہ ماری کے مدنظر کانگریس ریاستی صدر نے یہ تبصرہ کیا ہے۔ پٹولے نے کہا کہ ہتک عزتی معاملے میں ستیش اوئکے ہی ان کی پیروی کر رہے ہیں۔ انھوں نے ہی عرضی داخل کی تھی۔ اب اچانک ای ڈی نے ان کے گھر پر چھاپہ مار کر کیس فائل، لیپ ٹاپ، موبائل وغیرہ ضبط کر لیا ہے۔ انھیں حراست میں بھی لے لیا گیا ہے۔


کانگریس ریاستی صدر نے کہا کہ ستیش اوئکے جسٹس بی ایچ لویا کی مشتبہ موت کے معاملے کی بھی پیروی کر رہے ہیں اور ای ڈی کی یہ کارروائی بی جے پی کے خلاف بولنے والوں کو خاموش کرانے کے لیے ہے۔ مرکزی حکومت نومنتخب حکومت کو گرانے کے لیے یہ کوشش کر رہی ہے۔ انھوں نے ساتھ ہی کہا کہ جمہوریت ختم ہو چکی ہے اور اب اس کی جگہ تاناشاہی ہے۔ پورے ملک میں غیر اعلانیہ ایمرجنسی ہے۔ سبھی انتظامات منہدم ہیں اور ہم جمہوریت کو بچانے کی لڑائی لڑ رہے ہیں۔ پٹولے نے یہ بھی کہا کہ اگر ای ڈی ان کو بھی نشانہ بناتی ہے تو وہ اس کے لیے تیار ہیں۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔